Wednesday, August 26, 2026
 

ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

 



ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و احترام اور روحانی کیفیت کے ساتھ منایا جا رہا ہے ہر سو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور درود و سلام کی صداؤں نے سماں باندھ دیا ہے۔ یوم ولادت رسول ﷺ کے موقع پر لاہور میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ لاہور کے محفوظ شہید گریژن میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے نمازِ فجر کے بعد 21 توپوں کی سلامی پیش کی اس موقع پر فوجی جوانوں کی جانب سے نعرہ تکبیر بھی بلند کیا گیا۔ جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں کی گلیاں، محلے، بازار اور شاہراہیں خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجادی گئی ہیں، جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ کئی مقامات پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ کراچی میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں تین مرکزی جلوس برآمد ہوں گے جن کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا اور صرف خصوصی پاس رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ پہلا مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے مولانا یعقوب عطاری کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے کے قریب برآمد ہوگا۔ جلوس نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزار حبیب مسجد پر عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔ دوسرا مرکزی جلوس نیو میمن مسجد سے مولانا شاہ عبد الحق قادری کی قیادت میں سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا اور شام 6 بجے نشتر پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے اختتام پر نشتر پارک میں میلاد النبی ﷺ کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے بھی دو جلوس برآمد ہوں گے۔ ایک جلوس مولانا اکبر درس کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے نکالا جائے گا اور عصر کے وقت آرام باغ مسجد پر اختتام پذیر ہوگا۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوسوں کے دوران کسی بھی زحمت سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ ڈائیورژنز کے مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 12 ربیع الاول کے روز شہر میں ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔ جشن میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، جہاں درود و سلام، نعت خوانی اور میلاد کی محافل کا سلسلہ جاری ہے۔ گلی محلوں سے بلند ہوتی نعتوں اور درود و سلام کی صداؤں سے فضا روحانی کیفیت میں ڈوب گئی ہے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، راولپنڈی، فیصل آباد، سکھر سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں بھی جشن میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے نیاز اور لنگر تقسیم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں مختلف مقامات پر جلوس، میلاد کی محافل اور مذہبی اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں جبکہ عوام حضور اکرم ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے جشنِ ولادت میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عاشقان رسول کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔ ہر سمت سبز پرچم لہرا رہے ہیں مساجد اور بازار روشنیوں سے جگمگا رہے ہیں اور فضائیں درود و سلام سے معطر ہیں۔ ملک بھر میں عاشقانِ رسول ﷺ کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل