Loading
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز کے بین الاقوامی پانیوں میں موجود تمام بارودی سرنگیں یا تو ہٹا دی ہیں یا دھماکے سے تباہ کردی گئی ہیں۔
اس بات کا دعویٰ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کیا۔ وہ یہ دعویٰ اس سے قبل بھی کئی بار کرچکے ہیں لیکن اس بار یہ دعویٰ انھوں نے امریکی بحریہ کے حوالے سے کیا۔
امریکی صدر کے بقول مجھے ابھی امریکی بحریہ نے اطلاع دی ہے کہ آبنائے ہرمز کے بین الاقوامی پانیوں میں موجود تمام بارودی سرنگیں ہٹا دی گئی ہیں یا دھماکے سے تباہ کردی گئی ہیں۔
انھوں نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ جو بھی جہاز یا کشتی نئی بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کرے گی اسے فوری طور پر اور منظم طریقے سے تباہ کردیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی اسپیس فورس کے ذریعے آبنائے ہرمز کے ایک ایک حصے پر نظر رکھے ہوئے ہیں بالکل اسی طرح جیسے ہم پِک ایکس ماؤنٹین اور پہلے ہی تباہ کیے جاچکے تین دیگر جوہری مقامات پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ بارودی سرنگیں بچھانے کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پوری طرح نافذ ہے۔
https://truthsocial.com/@realDonaldTrump/117156624974445904
دوسری جانب عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے دعویٰ کیا کہ صدر ٹرمپ کے دعوے کے باوجود آبنائے ہرمز میں کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں تجارتی جہاز رانی پر جنگ کے اثرات بدستور موجود ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ جب صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صاف کیے جانے کا دعویٰ کیا ہو۔ 18 اگست کو بھی تقریباً اسی نوعیت کا بیان دے چکے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل