Loading
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سیرتِ طیبہ ﷺ کو عملی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا ہے۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سید الانبیاء، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔
آپ ﷺ کی ولادت باسعادت پر دنیا نے نور کا چہرہ دیکھا، ظلمت نے شکست کھائی اور انسانیت نے عدل و رحم کا حقیقی مفہوم پایا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ صادق و امین کی حیثیت سے نبی کریم ﷺ نے مکہ کی بے رحم فضاؤں میں دیانت اور ایمانداری کا چراغ روشن کیا، جبکہ آپ ﷺ کی بعثت نے جاہلیت کے ہر بت کو پاش پاش کرکے انسانیت کو حق، سچ اور حکمت کا راستہ دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے محبت، اخوت، رواداری اور انسانیت کا درس دیا اور کمزوروں، یتیموں اور محتاجوں کے حقوق کا خصوصی خیال رکھنے کی تلقین فرمائی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسوۂ حسنہ ﷺ تمام مسلمانوں کی دینی و دنیاوی اصلاح و فلاح کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ دورِ حاضر کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں سیرتِ طیبہ ﷺ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں بدامنی، انتشار اور خلفشار کا خاتمہ صرف اسوۂ حسنہ ﷺ پر عمل پیرا ہوکر ہی ممکن ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس مبارک ترین دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنے کردار، انفرادی رویوں اور اجتماعی طرزِ عمل میں اختیار کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل