Loading
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 21 سالہ طالبہ اور ماڈل مسکان کو گھر میں چاقو کے وار کرکے بیدردی سے قتل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قتل کا واقعہ شام مغربی دہلی کے علاقے تلک نگر میں پیش آیا جہاں مسکان اپنے گھر میں اکیلی تھی۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اسے جسم کے مختلف حصوں، خصوصاً پیٹ پر متعدد وار کیے گئے تھے۔ مسکان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ماڈل مسکان دوسری منزل پر واقع گھر میں موجود تھی جہاں گھریلو ملازمہ نے اسے زخمی حالت میں دیکھا اور اہل خانہ کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس کو بلایا گیا۔
پولیس کی تحقیقات کے مطابق مسکان اور عمران ایک دوسرے کو تقریباً ڈیڑھ سال سے جانتے تھے۔ عمران اس جم میں ٹرینر رہ چکا ہے جہاں مسکان جایا کرتی تھی۔
تفتیش کے دوران پتا چلا کہ عمران جم سے ملازمت چھوڑ گئے اور مسکان کے قتل کے فوری بعد فرار ہوگیا۔ پولیس نے گرفتاری کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
پولیس کے بقول ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمران گزشتہ تقریباً دو ماہ سے مسکان سے ناراض تھا اور مبینہ طور پر اس کے کسی دوسرے شخص سے بات کرنے پر اسے اعتراض تھا۔
پولیس کا شُبہ ہے کہ بدھ کی شام مسکان کے گھر پہنچنے کے بعد دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد اس نے مبینہ طور پر چاقو سے حملہ کردیا۔ تاہم قتل کی حتمی وجہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوگی۔
ماڈل کے دوست امن نے میڈیا کو بتایا کہ مسکان چار بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی۔ اس کی بڑی بہن واقعے کے وقت چندی گڑھ میں تھی اور اطلاع ملنے پر اس نے امن سے مسکان کے گھر پہنچنے اور اسے اسپتال منتقل کرنے میں مدد کی درخواست کی تھی۔
خاندان کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ عمران مبینہ طور پر طویل عرصے سے مسکان کو ہراساں کررہا تھا۔ اہل خانہ کے بقول ماضی میں بھی اس حوالے سے واقعات پیش آچکے تھے تاہم ان دعوؤں کی مکمل تصدیق پولیس کی جاری تحقیقات میں ہونا باقی ہے۔
پولیس نے قتل کا مقدمہ مسکان کے بھائی کے بیان کی بنیاد پر درج کرلیا ہے۔ تفتیشی ٹیمیں جائے وقوعہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لے رہی ہیں جبکہ مسکان کے موبائل فون سے بھی شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
پولیس نے مشتبہ شخص کے گھر اور اس جم پر بھی چھاپے مارے جہاں وہ کام کرتا تھا جبکہ اس کے اہل خانہ اور دوستوں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔
پولیس کے بقول مسکان اور عمران کے درمیان تعلقات، واقعے سے قبل ہونے والی گفتگو یا تلخ کلامی اور قتل کے اصل محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ مقتولہ کا پوسٹ مارٹم بھی کیا جانا ہے تاکہ موت اور زخموں کی نوعیت کی حتمی تصدیق ہوسکے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل