Monday, August 31, 2026
 

وزیراعظم کی ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

 



وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بشکیک میں منعقدہ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں کرغزستان کے صدر صادر نورگوجوئچ ژاپاروف نے ان کا استقبال کیا۔ افتتاحی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچنے والے مختلف ممالک کے سربراہان، وزرائے اعظم اور عالمی رہنما بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف ممالک کے رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ وزیراعظم نے روسی صدر ولادیمر پوتن، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیف سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، لاؤس کے صدر تھونگ لون سیسولیتھ، ٹوگو کے صدر فاؤرے گناسنگبے اور منگولیا کے صدر اوخناگین خورلسوخ سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان کا دستہ بھی شریک ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی اسٹیڈیم آمد پر وزیراعظم نے کھڑے ہوکر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی پاکستانی دستے کو بھرپور داد دی۔ پاکستانی کھلاڑی نومیڈ گیمز کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ یہ بین الاقوامی کھیلوں کا مقابلہ وسطی ایشیا کی مختلف اقوام کے روایتی کھیلوں اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ نومیڈ گیمز میں کشتی، ہارس ریس، تیر اندازی، روایتی شکار اور مختلف ذہنی و فکری کھیل شامل ہیں۔ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں منعقد ہو رہے ہیں۔ ان کھیلوں کا مقصد مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل