Wednesday, September 02, 2026
 

قومی ہاکی چیمپئن شپ کیلیے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختص

 



قومی ہاکی چیمپئن شپ کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختص کردی گئی ، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی کا کہنا ہے کہ قومی سینئر، جونیئر اور انڈر 15 چیمپئن شپ جنوری 2027 میں منعقد کی جائیں گی جن میں بوائز اور گرلز دونوں ٹیمیں شرکت کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی کو گراس روٹ لیول سے مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کردیا۔صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے بتایا کہ چیمپئن شپ کے لیے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی غرض سے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے جو بہترین کارکردگی اور کامیابی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں تقسیم کی جائے گی۔ نئے مقابلہ جاتی نظام کے تحت ہر صوبے سے زیادہ سے زیادہ چار ٹیمیں جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے دو، دو ٹیمیں قومی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گی، محکمہ جاتی ٹیموں کو بھی قومی مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق جہاں گرلز ٹیمیں دستیاب ہوں گی، انہیں بھی بھرپور مقابلے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ مقصد ملک میں ہاکی کا ٹیلنٹ پول وسیع کرنا، علاقائی سطح پر معیاری اور سخت مقابلوں کو فروغ دینا اور انڈر 15 سے جونیئر اور پھر سینئر ہاکی تک کھلاڑیوں کے لیے واضح راستہ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ ٹیمیں، زیادہ مقابلے، زیادہ مواقع اور زیادہ انعامات کے ذریعے پاکستان ہاکی کو نچلی سطح سے قومی ٹیم تک دوبارہ مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل