Friday, September 04, 2026
 

امریکی بحری طاقت کا علمبردار طیارہ بردار جہاز کی حالت زار موضوع بحث بن گئی

 



دنیا کی سب سے طاقتور بحری قوت سمجھے جانے والے امریکا کے ایئرکرافٹ کیریئر یو ایس ایس ابراہم لنکن کی نئی تصاویر نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے جہاں طویل سمندری تعیناتی کے بعد جنگی جہاز کی ظاہری حالت کو شدید تنقید اور طنز کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تقریباً 9 ماہ سے زائد عرصے تک سمندر میں رہنے کے بعد امریکی ایئرکرافٹ کیریئر بدھ کے روز تھائی لینڈ کی لیم چابانگ بندرگاہ پہنچا۔ سامنے آنے والی تصاویر میں جہاز کے مختلف حصوں پر زنگ، پانی کے قریب سبز کائی، جگہ جگہ اکھڑا ہوا پینٹ اور بیرونی ساخت کی خستہ حالت واضح دکھائی دی۔ رپورٹس کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن تقریباً 286 دن بعد کسی ایسی بندرگاہ پر پہنچا ہے جہاں اس کے عملے کو آرام کا موقع ملا۔ جہاز کی آمد کے بعد بندرگاہ کے مخصوص علاقے میں عام شہریوں کی رسائی بھی محدود کردی گئی۔ تصاویر وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے امریکی بحری طاقت پر طنز کے نشتر چلانا شروع کردیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہ جہاز پہلے طاقت کا خوف دلاتا تھا، اب ٹیٹنس کا خطرہ دلا رہا ہے، جبکہ ایک اور صارف نے اسے شکست خوردہ فوج کی علامت قرار دے دیا۔ تاہم ماہرین نے جہاز کی ظاہری حالت کو جنگی نقصان سے جوڑنے کی تردید کی ہے۔ ریٹائرڈ امریکی بحریہ کے افسر رابرٹ موریٹ کے مطابق طویل عرصے تک مسلسل سمندر میں رہنے والے بحری جہازوں پر زنگ لگنا اور پینٹ کا اکھڑنا غیر معمولی بات نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاز کی بیرونی حالت بظاہر متاثر ضرور نظر آتی ہے تاہم اس سے یو ایس ایس ابراہم لنکن کی جنگی صلاحیت یا آپریشنل کارکردگی متاثر ہونے کے شواہد موجود نہیں۔ یوں امریکی بحری طاقت کا یہ عظیم الشان جہاز اپنی ظاہری حالت کے باعث ضرور تنقید اور مذاق کا نشانہ بن گیا، لیکن ماہرین کے مطابق صرف زنگ اور اکھڑے ہوئے پینٹ کو دیکھ کر اسے امریکی بحری طاقت کی کمزوری قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل