Loading
بیروت: جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے ہیں۔ لبنانی حکام کے مطابق حملے جنگ بندی اور اسرائیل لبنان فریم ورک معاہدے کے باوجود کیے گئے۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق نبطیہ الفوقا میں اسرائیلی حملوں سے 5 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ قریبی علاقے عرب سلیم میں 2 خواتین جان سے گئیں۔ زخمیوں میں خواتین اور 3 بچے بھی شامل ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق نبطیہ الفوقا میں ایک حملے سے غیر فعال غندور اسپتال مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ نبطیہ شہر میں ایک تاریخی عمارت کو بھی نقصان پہنچا جبکہ سرکاری اداروں کے دفاتر متاثر ہوئے۔
لبنان کے صدر جوزف عون نے حملوں کو خطرناک کشیدگی قرار دیتے ہوئے امریکا اور عالمی برادری سے فوری مداخلت اور اسرائیلی خلاف ورزیاں روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل لبنان مذاکرات کی سرپرستی کے باعث اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔
لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بعض علاقوں میں اسرائیلی حملوں سے قبل وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی۔ حملوں میں ایک موٹر سائیکل کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاع ہے۔
تازہ حملوں سے جنوبی لبنان میں جنگ بندی کے باوجود جاری کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور اسرائیل لبنان فریم ورک معاہدے کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل