Monday, September 07, 2026
 

روس یوکرین جنگ ختم کرانے کیلئے امریکا کا بڑا قدم، خصوصی ایلچی کیف پہنچ گئے

 



کیف: روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ ختم کرانے کی کوششوں کے سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر نے یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی سے کیف میں اہم مذاکرات کیے ہیں۔ امریکی وفد نے کیف پہنچنے سے ایک روز قبل ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ملاقات کی تھی۔ مذاکرات میں روس یوکرین جنگ کے خاتمے اور ممکنہ امن معاہدے کے راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جیرڈ کشنر نے زیلنسکی سے ملاقات کے بعد کہا کہ انہیں امید ہے کہ دورے سے امن آگے بڑھانے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار کے مطابق ماسکو میں ہونے والی ملاقات میں اہم منصوبوں پر بات ہوئی، جن کا اعلان آنے والے ہفتوں میں کیا جاسکتا ہے۔ کریملن کے مطابق امریکی نمائندوں نے جنگ کے خاتمے کے ممکنہ راستوں سے متعلق کئی تجاویز پیش کیں، تاہم ان کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ زیلنسکی نے امریکی وفد کی کیف آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین طویل عرصے سے اس ملاقات کا انتظار کررہا تھا۔ امریکی وفد جنگ کے باعث فضائی سفر کے بجائے ٹرین کے ذریعے کیف پہنچا۔ دونوں ممالک کے دارالحکومتوں پر دورے کے دوران حملے نہ کرنے کی یقین دہانیوں کے باوجود یوکرین کے دیگر علاقوں میں لڑائی جاری رہی۔ یوکرین نے روسی ڈرون اور میزائل حملوں جبکہ روس نے یوکرینی ڈرونز کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ فروری 2022 سے جاری ہے اور اب پانچویں سال میں داخل ہوچکی ہے۔ امریکی کوششوں کے باوجود فریقین کے درمیان مستقل جنگ بندی اور امن معاہدے پر تاحال کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ امریکی وفد کی ماسکو اور کیف میں حالیہ ملاقاتوں کو جنگ کے خاتمے کیلئے واشنگٹن کی سفارتی کوششوں میں ایک اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل