Monday, September 07, 2026
 

صوبوں کے معاملے پر متفقہ فیصلہ سب کو اسے ماننا ہوگا، وزیر دفاع

 



وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی اپنی اسمبلی یا صوبائی حکومت ہونا اچھا اقدام ہے، دنیا کے بہت سے دارالحکومتوں میں اس نوعیت کا نظام موجود ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں اس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، اگر اسلام آباد میں یہ نظام نافذ ہوتا ہے تو باقی صوبوں میں بھی اس پر عمل درآمد آسان ہوگا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ نئی دہلی میں بھی مکمل طور پر الگ حکومت موجود ہے جبکہ افغانستان میں بھی 34 سے 35 صوبے ہیں۔ صوبوں کے معاملے پر سخت رویہ اختیار کرنا میرے خیال میں درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی صوبے کے خلاف اقدام نہیں بلکہ وفاق کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے گا۔ نئے صوبوں کے بجائے نئے انتظامی یونٹس کی اصطلاح استعمال کی جائے تو زیادہ بہتر ہوگا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن یا وزیراعظم کی جانب سے نئے صوبوں کے حوالے سے کسی پیش رفت کا انہیں علم نہیں، صوبوں کے معاملے پر سندھ حکومت کا الگ مؤقف اختیار کرنا ان کا حق ہے، تاہم جب کوئی متفقہ فیصلہ ہوگا تو سب کو اسے ماننا ہوگا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوام کے مسائل کا حل عوام کا حق ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل