Loading
خلیج بنگال کا سسٹم آج(اتوار)کوسندھ میں داخل ہوگا، کراچی میں پیرکوگرج چمک کے ساتھ ہلکی تا درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے،بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے بدھ تک جاری رہ سکتا ہے،شہر میں حدت بڑھ گئی،ہفتے کو زیادہ سے زیادہ پارہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 8۔1 ڈگری اضافے سے3۔36 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے خلیج بنگال سے آنے والے ہوا کے کم دباؤ کے باعث سندھ میں بارشوں کی پیش گوئی برقراررکھی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال اور بھارتی ریاست اڑیسہ پر موجود ہوا کا کم دباؤ بتدریج آگے بڑھتے ہوئے بھارتی علاقے چھتیس گڑھ پہنچ گیا ہے،جس کے آج سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مذکورہ موسمی نظام کے زیر اثر پیر کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ موسمی نظام کے نتیجے میں دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی کہیں درمیانی جبکہ کہیں موسلادھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال پر نظر رکھنے اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے،شہر میں آج سے سمندری ہواؤں کے ساتھ شمال مغربی سمت سے چلنے والی ہوائیں بھی اثر انداز ہوسکتی ہیں،ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق سمندری ہواؤں کے جزوی طور پر متاثر ہونے کے باعث کراچی میں درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرسکتا ہے۔
ہفتے کو شہر میں موسم گرم ومرطوب رہا،دن بھر تیز دھوپ کے سبب بالخصوص دوپہر کے وقت حدت محسوس کی گئی،محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روزکےمقابلے میں 8۔1 ڈگری اضافے سے 3۔36 ڈگری ریکارڈ ہواجبکہ نمی کا تناسب 56 فیصد رہا،ہفتے کو دیہی سندھ کے اضلاع گرمی کی لپیٹ میں رہے،سب سےزیادہ پارہ شہید بےنظیر آبادمیں 5۔42 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل