Loading
کراچی کے علاقے پاک کالونی کی ماربل مارکیٹ میں 15 لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر مسلح ملزمان نے ماربل کے تاجر کی دکان پر فائرنگ کردی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ مارکیٹ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ایس ایچ او پاک کالونی فیصل گل کے مطابق پاک کالونی کی ماربل مارکیٹ میں واقع ایک دکان پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کردی۔
انہوں نے بتایا کہ 4 ستمبر کو ماربل تاجر کو مبینہ طور پر 15 لاکھ روہے بھتہ کی پرچی ملی تھی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا اور واقعے کی تحقیقات اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کررہا ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے بتایا کہ ہم اس کیس کی تحقیقات کررہے ہیں، اس معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے ایک شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، فی الحال گینگ وار یا کسی دوسرے بھتہ خور گروپ کے ملوث ہونے کے شواید نہیں ملے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کے بعد معاملہ مزید واضح ہوجائے گا، پولیس فائرنگ میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کررہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل