Loading
راولپنڈی میں تھانہ ٹیکسلا کے علاقے ٹیکسلا بائی پاس پر دن دیہاڑے ٹیکسلا یونیورسٹی کی طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، طالبہ کے بھائی کو بھی تشدد کا نشانہ بنا کر اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تاہم موقع پر موجود لوگوں نے مداخلت کرکے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی۔
مدعی مقدمہ کے مطابق ان کی بیٹی یو ای ٹی ٹیکسلا میں بی ایس سی ایس کی طالبہ ہے اور ٹیکسلا بائی پاس پر یونیورسٹی کی بس سے اتری تو دو نامعلوم افراد اس کے قریب آگئے۔
درخواست کے مطابق دونوں افراد نے بیٹی کو اغوا کرنے کی کوشش کی، جس پر وہ گھبرا کر جی ٹی روڈ کی جانب بھاگی اور دونوں نامعلوم افراد بھی اس کے تعاقب میں بھاگے۔ اسی دوران بیٹا ریحان عارف بیٹی کو لینے ٹیکسلا بائی پاس پہنچ گیا اور دونوں نامعلوم افراد کو روکنے کی کوشش کی۔
مدعی کے مطابق دونوں نامعلوم افراد پشتو زبان میں بات کر رہے تھے اور انہوں نے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ سٹاپ پر موجود لوگوں نے مداخلت کرکے بیٹی اور بیٹے کو تشدد اور اغوا سے بچایا۔ اسی دوران چار پٹھان حلیے کے نامعلوم افراد بھی وہاں آگئے اور بیٹی اور بیٹے دونوں کو اغوا کرنے کی کوشش کی، جنہیں موقع پر موجود لوگوں نے مداخلت کرکے بچایا۔
درخواست کے مطابق نامعلوم افراد نے بیٹے کی گاڑی پر پتھر اور بلاک مارے، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔ موقع پر موجود لوگوں کے شور پر تمام افراد ایک گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگئے، جبکہ بیٹے کا فون بھی گر گیا جسے کسی نے چرا لیا۔
طالبہ کے والد نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے خود اور اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل