Thursday, September 17, 2026
 

ایشین گیمز: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تھائی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

 



پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے بارش سے متاثرہ کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر 2026 ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ نِسّن میں کھیلے گئے میچ میں تھائی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 11 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر نَنّاپٹ کونچارونکائی نے 49 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور چھٹے اوور میں دو وکٹیں بھی گنوا دیں۔ تاہم پاکستان نے 10.4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا، اس وقت دو گیندیں باقی تھیں۔ کپتان فاطمہ ثنا نے 21 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا جبکہ طوبیٰ حسن نے 13 رنز بنائے۔ اختتامی مرحلے میں ایمان ناصر اور اُمّ ہانی نے باقی رنز مکمل کرکے پاکستان کو فتح دلائی۔ پاکستان ایشین گیمز میں خواتین کی کرکٹ کی تاریخ کی کامیاب ترین ٹیم ہے۔ قومی ٹیم نے 2010 گوانگژو اور 2014 انچیون ایشین گیمز میں مسلسل دو مرتبہ سونے کا تمغہ جیتا تھا جبکہ 2022 کے ایڈیشن میں چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔ پاکستان اب سیمی فائنل میں سری لنکا اور ملائیشیا کے درمیان کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے 20 ستمبر کو کھیلے گا۔ سری لنکا کے جیتنے کی صورت میں پاکستان کا ایشیا کپ سیمی فائنل کے بعد ایک بار پھر سری لنکا سے سامنا ہوسکتا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل