Loading
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل کو صوبے میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا جبکہ عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ان کی ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ فیلڈ مارشل نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور پہنچنے پرکور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل