Loading
معروف ریسلر اینڈی ’دی بچر‘ ولیمز 48 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ سابق اے ای ڈبیو اسٹار ہفتے کی شب امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر پٹسبرگ میں ٹیگ ٹیم مقابلے کے دوران اچانک رنگ میں گر پڑے تھے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق وہ اپنے ساتھی دی بلیڈ کے ہمراہ انجوائے ریسلنگ کے ایونٹ میں ٹی ایم ای کے خلاف مقابلہ کر رہے تھے کہ میچ کے اختتام پر اچانک طبیعت بگڑ گئی۔
رِنگ میں موجود طبی عملے نے فوری طور پر انہیں طبی امداد فراہم کرتے ہوئے سی پی آر شروع کر دی۔ ایمرجنسی میڈیکل ٹیم کے پہنچنے تک ریسلر کو بحال کرنے کی کوششیں جاری رہیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
امریکی میڈیا ادارے ٹیم زیڈ نے کاؤنٹی میڈیکل آفس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اینڈی ولیمز اتوار کی صبح اسپتال میں دم توڑ گئے۔
واقعے کے باعث انجوائے ریسلنگ کا ایونٹ اچانک منسوخ کر دیا گیا۔ کمپنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ اینڈی میچ کے اختتام پر گر پڑے جس کے بعد وہاں موجود ڈاکٹروں نے فوراً سی پی آر شروع کی اور ایمبولینس کے پہنچنے تک انہیں طبی امداد دی جاتی رہی۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ شائقین کو گھر بھیج دیا گیا اور انتظامیہ اسپتال میں مزید معلومات کا انتظار کرتی رہی۔ بعد ازاں ریسلنگ کمپنی نے تشویش کا اظہار کرنے اور حمایت کے پیغامات بھیجنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
اینڈی ’دی بچر‘ ولیمز کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی جبکہ ان کا پوسٹ مارٹم بھی نہیں ہوا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل