Loading
وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ملاقات میں امن، استحکام اور خوش حالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر کویت کے ولی عہد شیخ صباح خالد الحمد الصباح سے ملاقات کی اور گرم جوشی سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ساتھ تعلقات کو پاکستان کی جانب سے دی جانے والی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی گنجائش پر روشنی ڈالی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن، استحکام اور خوش حالی کے فروغ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل