Loading
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں اور امریکی فوجی اثاثوں کو پہنچنے والا نقصان سرکاری طور پر جاری کیے گئے اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان میں امریکی فوجی نقصانات سے متعلق اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ مئی میں امریکی کانگریس کی ریسرچ سروس نے تسلیم کیا تھا کہ ایرانی مسلح افواج نے 42 امریکی فوجی طیارے تباہ کیے تھے، جبکہ اب یہ تعداد 81 تک پہنچ چکی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے دعوے کی حمایت میں امریکی فوجی اڈوں کی صورتحال پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکی فوجی اڈوں کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا تو امریکی سینٹرل کمانڈ ایک موجودہ سینیٹر کو ان اڈوں کا معائنہ کرنے کی اجازت کیوں نہیں دیتی۔
عراقچی نے اس موقف کے ذریعے امریکی حکومت کی جانب سے جنگ کے دوران فوجی نقصانات سے متعلق فراہم کیے جانے والے اعداد و شمار پر سوال اٹھایا ہے۔
تاہم، ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے امریکی طیاروں کی تباہی اور امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں سے متعلق پیش کیے گئے دعویٰ کی آزادانہ طور پر فوری تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ بیان میں یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ 81 طیاروں کی تباہی میں کس نوعیت کے طیارے شامل ہیں۔
ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے کو پہنچنے والے فوجی نقصانات کے بارے میں مختلف دعوے سامنے آتے رہے ہیں، جن میں سے بعض کی آزاد ذرائع سے تصدیق مشکل رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل