Loading
وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے ساتھ ہی صوبے میں بڑے پیمانے پر انتظامی اور پولیس افسروں کے تبادلے کر دیے ہیں، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ سمیت پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 15 افسروں کو او ایس ڈی کر دیا گیا جبکہ 4 پولیس افسروں کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے علیحدہ علیحدہ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کو او ایس ڈی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو خیبرپختونخوا کا نیا چیف سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا سے چار پولیس افسروں کو اسلام آباد رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ گریڈ 20 کے ہمایوں مسعود سندھو، فصیح الدین، عرفان طارق اور گریڈ 18 کے عمران خان کو اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے چار نئے پولیس افسروں کو خیبرپختونخوا میں تعینات کر دیا ہے۔ گریڈ 18 کے پنجاب سے سعد آفریدی، بلوچستان سے اعتزاز عارف، اسلام آباد سے محترمہ پری گل اور سندھ سے لیفٹیننٹ کمانڈر ریٹائرڈ کاشف آفتاب عباسی کو خیبرپختونخوا میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس میں تعینات محمد یحییٰ خانزادہ کی خدمات خیبرپختونخوا حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ پنجاب میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے خواجہ محمد سکندر ذیشان کو بھی خیبر پختونخوا میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ سے میجر ریٹائرڈ اورنگزیب بدانی کا بھی خیبرپختونخوا میں تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21 کے اکرام اللہ اور عنبر علی خان، گریڈ 20 کے شاہد اللہ اورسہیل خان، گریڈ 19 کے شاہ فہد، کیپٹن ریٹائرڈ میاں عادل اقبال، محمد عثمان، کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم اکرم اور شفیع اللہ خان، گریڈ 18 کے کیپٹن ریٹائرڈ زبیر خان،وقار علی، کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ خان، محمد احتشام الحق اور محمد فہیم کا خیبرپختونخوا سے تبادلہ کر کے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل