Friday, October 30, 2026
 

ناسا کے سابق خلانورد کا خلائی مخلوق سے متعلق بڑا انکشاف!

 



ناسا کے سابق خلانورد ونسٹن اسکاٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ کائنات میں انسانوں کے علاوہ بھی ذہین مخلوق موجود ہے، تاہم انہوں نے زمین پر خلائی مخلوق کی آمد سے متعلق کوئی حتمی بات نہیں کی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 1990 کی دہائی میں دو خلائی مشنز کا حصہ رہنے والے سابق امریکی خلانورد ونسٹن اسکاٹ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کائنات میں کہیں نہ کہیں زندگی ضرور موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کائنات میں اربوں سیارے موجود ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ ان میں سے بعض پر بھی زمین جیسے حالات پیدا ہوئے ہوں، جہاں زندگی نے جنم لیا ہو۔ ان کے مطابق یہ ممکن نہیں کہ پوری کائنات میں صرف زمین ہی ذہین زندگی کا مسکن ہو۔ ونسٹن اسکاٹ نے تاہم واضح کیا کہ کائنات میں زندگی کی موجودگی اور خلائی مخلوق کے زمین پر آنے کا معاملہ دو الگ موضوعات ہیں۔ ان کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے نامعلوم اڑن اشیا سے متعلق نئی خفیہ دستاویزات جاری کی ہیں۔ ان رپورٹس میں پراسرار مخلوقات اور امریکا میں ایک نامعلوم فضائی شے کی نگرانی سے متعلق دعوے بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ خلائی مخلوق کی موجودگی کے حوالے سے اب تک کوئی مستند سائنسی ثبوت سامنے نہیں آیا جبکہ سابق خلا باز کا بیان ان کے ذاتی نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل