Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد میں تیزی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے عوام کو بنیاد سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیار زندگی میں بہتری وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور وزیراعظم کا یکم نومبر کو یوم آزادی کے موقع پر گلگت بلتستان کا دورہ بھی متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس لیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے خصوصی شرکت کی، جہاں گلگت بلتستان کے عوام کو یکم نومبر کو ڈوگرہ راج سے آزادی اور اس کے بعد پاکستان سے الحاق کا تاریخی دن کی مناسبت سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا یکم نومبر ڈوگرہ راج سے آزادی کے موقع پر دورہ گلگت بلتستان متوقع ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر جولائی 2026 میں قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں گلگت بلتستان میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورت، عمل درآمد میں حائل رکاوٹوں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں گلگت بلتستان میں جاری پن بجلی کے منصوبوں، بنیادی ڈھانچے اور شمسی توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے، 100 میگا واٹ شمسی توانائی پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت کی۔
گلگت بلتستان میں نلتر پاور پراجیکٹ کی تکمیل، انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے اور ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی تنصیب کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیاد پر دور کیا جائے اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے منصوبوں پر عمل درآمد تیز کی جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیار زندگی میں بہتری وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں بالخصوص توانائی کے منصوبوں کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، علیم خان، مصدق ملک، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ، سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور محمد علی سمیت متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل