Saturday, October 31, 2026
 

محکمہ صحت پختونخوا؛ ادویات کی خریداری میں اربوں کی مبینہ کرپشن، اہم ملزم گرفتار

 



نیب خیبر پختونخوا نے محکمہ صحت میں ادویات کی خریداری کے دوران مبینہ طور پر اربوں روپے کی کرپشن اور خوردبرد کے میگا اسکینڈل میں ایک اور اہم ملزم کو گرفتار کرلیا۔ نیب کے مطابق گرفتار ملزم عرفان الحق ولد عبد الحق اور دیگر کے خلاف جاری تحقیقات تھی ۔ طبی آلات اور ادویات کی خریداری کے مالی سال 2023-24 کے دوران مبینہ کرپشن اور بے ضابطگیوں کے باعث قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ ملزم پر دیگر شریک ملزمان کے ساتھ مبینہ ملی بھگت سے ہنگامی اور زندگی بچانے والی ادویات کی خریداری کے دوران لاکھوں روپے کی خوردبرد کا الزام ہے۔ نیب حکام کے مطابق تحقیقات شروع ہونے کے بعد ملزم قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے روپوش ہوگیا تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل اپنے ٹھکانے تبدیل کرتا رہا۔ نیب خیبر پختونخوا نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔نیب نے کیس میں مزید گرفتاریاں متوقع قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسکینڈل میں نامزد دیگر ملزمان میں سے متعدد نے پلی بارگین اور وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے بھی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل