Tuesday, November 10, 2026
 

ایران جنگ کے خاتمے کی جانب مثبت پیش رفت ہورہی ہے، قطری وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ٹرمپ کا اہم بیان

 



واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مثبت پیش رفت ہورہی ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں دوبارہ فوجی کارروائی کا امکان فی الحال کم دکھائی دیتا ہے۔ ان کا یہ بیان قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں ایران سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ قطر کے وزیراعظم کے ساتھ ان کی ملاقات انتہائی اچھی رہی اور ایران سمیت کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور دیگر ممالک موجودہ صورت حال برقرار رکھنے کے حامی ہیں۔ ان کے مطابق ان ممالک کی ترجیح ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی اور نئے فوجی آپریشن ’’آئرن گیٹ‘‘ کو جاری رکھنا ہے، جس میں زمینی اور سمندری دونوں محاذ شامل ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ تمام متعلقہ ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دینا چاہیے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال میں کوئی تبدیلی آئی تو امریکا کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ تاہم ان کے بقول فی الحال دوبارہ فوجی کارروائی کا امکان بہت کم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل اور پورا مشرقِ وسطیٰ ایران کے خطرات سے محفوظ ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے کی جانب مثبت پیش رفت جاری ہے اور امریکا اپنے قومی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔ pic.twitter.com/3qXl94TtSK — Rapid Response 47 (@RapidResponse47) November 9, 2026 قطر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ معاہدے کے لیے سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ٹرمپ اور قطری وزیراعظم کی ملاقات بھی انہی کوششوں کے تناظر میں اہمیت رکھتی ہے۔ تاہم امریکی صدر کے بیان کے باوجود ایران کے ساتھ کسی حتمی معاہدے یا جنگ کے خاتمے کی باضابطہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ خلیجی ممالک کی جانب سے ناکہ بندی اور نئے آپریشن کی حمایت سے متعلق دعوے کی بھی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل