Loading
ریاست مخالف مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں 61 سالہ پاکستانی نژاد امریکی خاتون این سی سی آئی اے کی تحویل میں تھیں، مقدمہ درج
راولپنڈی: اسلام آباد ایئرپورٹ سے آف لوڈ ہونے کے بعد لاپتہ ہونے والی 61 سالہ پاکستانی نژاد امریکی خاتون فرحانہ رفیق کا سراغ مل گیا۔ خاتون کے این سی سی آئی اے کی تحویل میں رہنے اور بعد ازاں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
این سی سی آئی اے نے فرحانہ رفیق کو سوشل میڈیا پر مبینہ ریاست مخالف مواد پھیلانے کے الزام میں گرفتار کرکے پیکا ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ راولپنڈی پولیس نے بھی خاتون کی تلاش مکمل کرلی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں خاتون کی گمشدگی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران آج راولپنڈی پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کی جائے گی۔
فرحانہ رفیق 5 نومبر کو امریکہ روانگی کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی تھیں جہاں امیگریشن حکام نے انہیں آف لوڈ کردیا تھا۔ خاتون نے ترک ایئرلائن کی پرواز ٹی کے 711 کے ذریعے واشنگٹن روانہ ہونا تھا، تاہم انہیں سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔
ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا تھا کہ خاتون کو سفری پابندی کے باعث آف لوڈ کیا گیا، تاہم آف لوڈ کیے جانے کے بعد ان کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔ اس معاملے پر راولپنڈی پولیس نے ایف آئی اے امیگریشن اور اے ایس ایف سے اہم ریکارڈ طلب کیا تھا، جبکہ ایئرپورٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور خاتون کی ٹریول ہسٹری بھی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
این سی سی آئی اے کی انکوائری کے مطابق خاتون کے موبائل فون اور واٹس ایپ گروپس کی جانچ پڑتال کی گئی۔ مقدمے کے متن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فرحانہ رفیق مختلف واٹس ایپ گروپس، جن میں ’’#TeamIKwarriors‘‘، ’’PTI Pakistan Official‘‘، ’’FRIENDS‘‘، ’’PULSE‘‘، ’’Pakistan‘‘ اور ’’Promoting Diversity & Peace‘‘ شامل ہیں، کی رکن تھیں۔
ایف آئی آر کے مطابق خاتون پر مختلف واٹس ایپ گروپس میں مبینہ ریاست مخالف مواد شیئر کرنے اور ریاستی اداروں کے سربراہان کے خلاف عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کرنے کی ترغیب دینے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے نے مبینہ ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تاہم فرحانہ رفیق کو ایئرپورٹ سے ہی حراست میں لیا گیا تھا یا بعد میں کسی دوسری جگہ سے گرفتار کیا گیا یہ معاملہ تاحال واضح نہیں ہوسکا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل