Tuesday, November 10, 2026
 

تیز رو بہت، رہبر کوئی نہیں

 



آٹھ دہائیوں تک زبردست اور گوناگوں سیاسی زندگی بسر کرنے والی قوم کو شائد ابھی تک کوئی ایسا لیڈر نہیں مل سکا جو اس کو بکھرنے سے بچا سکے جبکہ جس قدر سیاسی تربیت اس قوم کو ملی ہے ایسی شاید ہی کسی دوسری قوم کو ملی ہو۔ سب سے بڑی خوش قسمتی یہ ہے کہ اس قوم کو اعلیٰ نظریات ورثے میں ملے اور انھی نظریات کی حفاظت اور اشاعت کے لیے اس نے ایک نیا ملک حاصل کیا جو مسلمانوں کی تاریخ میں ہی نہیں دنیا کی تاریخ کا پہلا ملک تھا جو کسی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا، اس پر تاریخ حیران رہ گئی۔ اس قوم کو بڑی ہی مشکل سے دو بڑی طاقتوں سے لڑ کر یہ ملک ملا۔ ایک برطانوی سامراج اور دوسرا کانگریس ۔ یہ دونوں قیام پاکستان کے خلاف تھے لیکن مسلمان لیڈروں نے اپنی سیاسی فراست اور غیر معمولی بصیرت سے کسی فتنہ وفساد کے بغیر یہ معجزہ کر دکھایا۔ اس طرح یہ قوم ایک بہت بڑی تاریخی سیاسی سرگرمی سے ہو کر گزری۔ اس کامزاج جمہوری کہا جاسکتا ہے۔ جمہوریت میں سے ہی آمریت نے بھی راہ بنا لی لیکن جمہوریت بھی موقع پا کر آتی رہی، جس پر اس ملک کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ اگرچہ آمریت نے اسے بہت کم اٹھنے دیا اور دبائے رکھا۔ بات آٹھ دہائیوں سے شروع ہوئی تھی اور آج بھی یوں لگتا ہے کہ قوم اور اس کے لیڈر ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر چل رہے ہیں۔ سیاست اور ملکی حالات کا یہ انداز نیا نہیں بلکہ دیکھا بھالا ہے، کہیں سے دھرنوں کا شور اٹھتا ہے تو کوئی اپنی شعلہ بیانی سے سیاست کو چمکانے کی کوشش میں ہے، کہیں سے بدعنوانی کے الزامات کی گونج سنائی دیتی ہے تو کہیں سے جمہوری لیڈروں کے بندو بست کا اعلان ہوتا ہے۔ بہر کیف قوم تماشہ دیکھ رہی ہے، ملکی حالات اور انتظامی مشینری کا بگاڑ دیکھ کر قوم سچے جمہوری رہنماء کی راہ دیکھ رہی ہے۔ عام آدمی جو کبھی دھرنے بازوں سے اور امیدیں وابستہ کر لیتا ہے اور کبھی خواب دکھانے والے اسے بیوقوف بنا لیتے ہیںلیکن عوام کو نہ تو غیر جمہوری حکومت پسند ہوتی ہے اور نہ کوئی دھرنے باز لیکن روز مرہ کے تلخ حالات اسے در بدر بھٹکائے رہتے ہیں۔ بقول غالبؔ چلتا ہوں تھوڑی دور ہر اک تیز رو کے ساتھ پہچانتا نہیں ہوں ابھی رہبر کو میں غالب نے بہت دور کی سوچی اور ہمارے آج کا حال برسوں پہلے بیان کر دیا۔ ہم آج بھی ہر تیز رو کے پیچھے بھٹک رہے ہیں مگر کوئی رہبر نہیں مل پا رہا، صرف تیز رو ملتے ہیں جو ہمیں مطمئن نہیں کر سکتے۔ کبھی ہم کسی فرضی انقلاب کے نعروں میں بہہ جانے کی کوشش کرتے ہیں تو کبھی کسی ایسے سیرابی لیڈر کے پیچھے کھڑے ہو جاتے ہیں جس کا مقصد صرف اپنی سیاست کو دوام دینا ہوتا ہے۔ مولانا آزاد نے کہا تھا کہ سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا تو کسی دوسرے دانشور نے اس پر اضافہ کیا کہ سیاست کی آنکھ میں بھی شرم و حیا نہیں ہوتی۔ یہ نفسانفسی اور خود غرضی کا کھیل ہے اور سیاستدان اپنے آشیانے بدلتے رہتے ہیں اور کسی سر سبز شاخ کی تلاش میں رہتے ہیں۔ آج پھر یہ شور برپا ہے اور اقتدار کی غلام گردشوں میں افواہوں کا بازار گرم ہے۔ اپوزیشن کا نیا ’اتحاد‘ تو بن چکا ہے، دیکھنا یہ ہے کہ اپوزیشن کے اتحادی اس کو فعال کب اور کیسے کرتے ہیں، ابھی تک تو مولانا فضل الرحمن ہی غصے میں دکھائی دیتے ہیں۔ ادھر حکومتی اتحادی بھی اپنی ہی حکومت کی اپوزیشن میں دکھائی دیتے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے نے جو کچھ کہاہے،اس پر پنجاب کی وزیر اعلیٰ بہت برہم ہیں۔ اس سے پہلے وفاقی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہ ہونے کا ذکر بھی ہمارے دوست محسن نقوی نے کیا تھا۔ یار دوست تو کڑیاں ملا رہے ہیں کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے اور یہ باتیں بلاوجہ نہیں ہیں۔لیکن اس سارے سیاسی منظرنامے میں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ عوام کو اس سے کیا حاصل ہو رہا ہے؟ اقتدار کی رسہ کشی، بیانات کی گھن گرج، اتحادوں کی تشکیل اور ٹوٹ پھوٹ اپنی جگہ مگر عام شہری کی زندگی میں کوئی نمایاں بہتری دکھائی نہیں دیتی۔ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی اور گیس کے بھاری بل، علاج معالجے کی مشکلات اور بچوں کی تعلیم جیسے مسائل بدستور عوام کے سامنے کھڑے ہیں۔ کسی بھی حکومت یا سیاسی جماعت کی اصل کامیابی کا پیمانہ اس کے جلسوں، نعروں یا مخالفین پر لگائے گئے الزامات نہیں بلکہ یہ ہونا چاہیے کہ اس نے عام آدمی کے لیے کیا آسانیاں پیدا کیں۔ جمہوریت محض انتخابات کا نام نہیں بلکہ یہ ایک مسلسل ذمے داری ہے۔ اس میں اختلافِ رائے کی گنجائش بھی ہوتی ہے اور مخالف سیاسی جماعتوں کے وجود کو تسلیم کرنے کا حوصلہ بھی۔ سیاستدانوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ عوام نے انھیں اپنی ذاتی لڑائیاں لڑنے کے لیے نہیں بلکہ ملک کے مسائل حل کرنے اور بہتر مستقبل کی راہ ہموار کرنے کے لیے منتخب کیا ہے۔ ہمیں کسی رہنما کی تلاش ضرور ہے مگر شاید اس سے بھی زیادہ ضرورت ایسے سیاسی کلچر کی ہے جہاں سب اپنی آئینی حدود میں رہیں، پارلیمان کو سنجیدہ فورم سمجھا جائے، قانون سب کے لیے یکساں ہو اور قومی مفاد کو جماعتی مفاد پر ترجیح دی جائے۔ قیادت کا اصل امتحان مشکل وقت میں برداشت، تدبر اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔ محض بلند آواز، سخت الفاظ اور بڑے دعوے کسی کو رہنما نہیں بنا دیتے۔ قومیں نعروں سے نہیں، مستقل مزاجی، دیانت داری اور بہتر فیصلوں سے آگے بڑھتی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ہمارے سیاسی رہنما تاریخ کے تجربات سے کوئی سبق سیکھتے ہیں یا ایک بار پھر قوم کو اسی پرانے تماشے کا حصہ بنائے رکھتے ہیں۔ عوام کو مزید وعدوں اور نئے اتحادوں کی نہیں، ایسے عملی اقدامات کی ضرورت ہے جن سے ان کی زندگی میں حقیقی تبدیلی آئے۔ شاید یہی وہ راستہ ہے جس سے قوم اپنی منزل پہچان سکے اور اسے کسی تیز رو کے پیچھے بھٹکنے کے بجائے ایک حقیقی رہبر میسر آ سکے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل