Tuesday, November 10, 2026
 

نیا میثاق جمہوریت؟

 



مولانا فضل الرحمٰن نے ایک نئے میثاق جمہوریت کی تجویز ایسے موقعے پر دی ہے جب وہ حکومتی حلیفوں کے نزدیک انتہائی متنازعہ بلکہ حکومتی کٹر مخالف ہیں مگر وہ پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین میں مقبول ہورہے ہیں۔ ان کی تجویز پر پی ٹی آئی نے مشاورت کے بعد فیصلہ کرنے کا عندیہ دیا، جس کے بعد اے پی سی بلانے پر اتفاق کیا ہے جس میں نئے میثاق جمہوریت کی تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے۔ مولاناصاحب نے اس وقت تلخ اور متنازیہ بیانات کا ایک سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور انھوں نے قومی اسمبلی میں اپنے پرانے حلیف خواجہ آصف کے ہی الفاظ دہرائے۔ قومی اسمبلی میں انتہائی سخت تقریر اور نئے میثاق جمہوریت کی تجویز دیتے ہوئے، انھوں نے یہ نہیں سوچا کہ موجودہ سیاسی کشیدگی میں نیا میثاق جمہوریت کیسے ممکن ہوسکتا ہے؟انھوں نے اپنے سابق حلیفوں کے خلاف جو سخت رویہ اختیار رکھا۔  اس کی وجوہات صاف ظاہر ہیں اور وہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ اگر میں پی ڈی ایم نہ بناتا توپی ٹی آئی کی حکومت ختم نہ ہوتی اور پر موجود حکمرانوں کے ساتھ کیا ہونا تھا؟ مولانا فضل الرحمٰن کا یہ کہنا بالکل درست ہے مگر پی ڈی ایم کی ابتدا انھوں نے ہی کی تھی اور پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سب کو اکھٹا کیا تھا مگر بعد میں پیپلزپارٹی اور اے این پی الگ ہوگئے تھے اور پھر پی ڈی ایم چھوڑنے والوں نے تحریک عدم اعتماد کامیاب کرائی تھی اور نئی حکومت میں ساری حکومتی حلیف پارٹیوں نے وزارتیں لی تھیں۔ 2022ء کی اتحادی حکومت میں بلاول بھٹو وزیر خارجہ بنے تھے تو جے یو آئی کو خیبر پختونخوا کی گورنر شپ ملی اور وفاقی حکومت میں بھی وزارت ملی تھی۔ یوں دیکھا جائے تو تمام حکومتی حلیف حکومت میں فیضیاب ہوئے تھے مگر 2024ء کی نئی حکومت سازی میں جے یو آئی سے مشاورت بھی نہیں کی گئی تھی اور موجودہ حکومت میں جے یو آئی کے سوا 2022ء کے تمام حلیف شامل ہیں، پھر بھی جے یو آئی نے ترامیم میں حکومت کا ساتھ دیا تھا جس پر پی ٹی آئی ان سے اراض ہوئی تھی جس کے بعد بھی حکومت نے انکی قدر نہیں کی تھی اور مجبور ہوکر انھوں نے پی ٹی آئی سے رابطے بحال کر لیے تھے اور اب وہ بانی کی حمایت کررہے ہیں اور انھوں نے نئے میثاق جمہوریت کی تجویز دی ہے۔ 2005ء میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے لندن میں میثاق جمہوریت کیا تھا اور دونوں جلا وطن سابقہ وزیر اعظم بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف نے مل کر جو میثاق جمہوریت کیا تھا اس کے بعد دونوں قریب آئے اور دونوں کی حکومتوں نے پہلی بار 2008ء سے 2018ء تک اپنی مدت پوری کی تھی اور دونوں کسی حد تک اس میثاق پر قائم ہیں۔ پہلے 2008ء میں ن لیگ ، پی پی حکومت میں کچھ عرصہ شامل بھی رہی۔ 2022ء کے بعد دونوں اقتدار میں اب بھی شریک اور ان کے اتحادی بھی ان کے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے حکومت میں آتے ہی ن لیگ ، پی پی پی اور مولانا کو اپنے خلاف کرلیا تھا مگر اب صورت حال مختلف ہے، سیاسی حالات بھی پہلے جیسے نہیں ہیں۔  اب مولانا فضل الرحمٰن پی ٹی آئی کے قریب اور اپنے سابقہ حلیفوں سے بہت دور ہوچکے ہیں اور اب انھوں نے جس نئے میثاق جمہوریت کی بات کی ہے اس کی حکومتی حلیف کبھی حمایت نہیں کریں گے کیوں کہ حکومتی اتحادی پارٹیوں اور موجودہ اپوزیشن کی ترجیحات مختلف ہیں۔ پی ٹی آئی کو اپنی کے پی حکومت کی بحالی اور بانی کی رہائی سے زیادہ دلچسپی ہے۔  موجودہ حکومت واضح کرچکی ہے کہ کے پی میں پی ٹی آئی حکومت بحال نہیں ہوگی اور حکومت بانی کو جیل میں قانونی سہولیات دے سکتی ہے مگر بانی کی رہائی حکومت کا نہیں عدالتوں کا اختیار ہے۔ حکومت اور بالاتر ایک صحفہ پر ہیں اور سب مل کر چل رہے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت اختلافات موجود اور حکومت کبھی قبل از وقت الیکشن پر راضی نہیں ہوگی اور مدت پوری کرنا چاہے گی۔ جے یو آئی متحد مگر پی ٹی آئی دھڑے بازی کا شکار ہے، اگر اپوزیشن نے اے پی سی منعقد کی تو ممکن ہے پی پی کے سوا باقی اتحادی پارٹیاں مدعو نہ کی جائیں، اگر مدعوکی بھی گئیں تو اکثریت اے پی سی میں شریک ہی نہیں ہوگی ۔ دوسرا اس وقت نیا میثاق جمہوریت کا مقصد کیا ہوگا اور اس میں تمام پارٹیاں کیسے متفق ہوسکیں گی کیوں کہ سب کے مفادات مختلف ہیں، اس لیے ان حالات میں نیا میثاق ممکن نظر نہیں آرہا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل