Loading
پشاورکی نمک منڈی کے ایک سوداگر نے کسی سے سنا کہ باجوڑ میں نمک کی قلت ہوگئی ہے اور وہاں نمک سونے کے بھاؤ بک رہا ہے تو اس نے جلدی جلدی آٹھ دس گدھوں پر نمک لادا اورعازم باجوڑ ہوگیا ،کافی دشواریوں سے گزر کر باجوڑ پہنچا، مردان اور ہشت نگر کے سوداگروں نے بھی یہ بات سنی تھی اورسب نے اپنا اپنا نمک باجوڑ پہنچایا ہوا تھا چنانچہ باجوڑ میں نمک کے ڈھیر لگے ہوئے تھے اور نمک کاکوئی خریدار نہیں تھا۔کافی دن گلی کوچوں میں ہانک لگانے کے بعد اس نے نمک گراکر گدھے بوجھ سے آزاد کیے اور واپس چلا پشاورگیا، یہاںکوئی پوچھتا کہ بھئی تمہارا باجوڑ کا پھیرا کیسا رہا ؟ تو کہتا اچھارہا ، باجوڑیوں نے مفت نمک کھایا اورگدھوں نے باجوڑ کی سیر کرلی۔
کچھ ایسا ماجرا ہمارے صوبے میں بھی ہوا، لوگوں نے مفت میں تماشا دیکھا اورکچھ لوگوں نے صوبے کی سیر کرلی ، عام حالات میں کب کسی کے پاس اتنا وقت یاخرچہ ہوتا ہے کہ سیرکرتا پھرے، پشاوروالوں نے ڈی آئی خان دیکھ لیا ، ڈی آئی خان کے لوگوں نے خیبر کی سیر کی، خیبروالوں نے صوابی، مردان کی زیارت کی، سوات والے کوہاٹ ہو آئے ،کوہاٹ والوں نے لکی مروت کی یاترا کرلی۔ اورکیا چاہیے نظر کے لیے ۔دراصل ہمارا یہ صوبہ ہے ہی عجوبہ عجائب ،یہاں وہ ہوتا ہے جو اورکہیں نہیں ہوتا اوریہاں وہ بالکل نہیں ہوتا جو کہیں اور ہوتا ہے بلکہ یہاں وہ سارے کام ہوتے ہیں جو کہیں اورنہیں ہوتے اوران کاموں کو کوئی ہاتھ بھی نہیں لگاتا۔اب مثلاً یہ دوبار ایمرجنسی حاصل کرچکا ہے جب کہ کوئی اورصوبہ کبھی اسے نہیں چکھ سکا ہے اوریہ بھی کوئی کم اعزاز نہیں کہ جلسے جلوس نکال کر اپنے صوبے کو روزانہ روند کر مفلوج کیاجائے ، بازار بند کرا دیئے جائیں اورسڑکوں پر دھرنا دے کر ٹریفک روک دی جائے ،یہ تو ایسا ہی ہے جیسے کوئی خود اپنے پورے جسم پر تھپڑ مارے ۔ہاں یاد آیا کہ یہی وہ صوبہ ہے جس میں ایک وزیراعلیٰ نے خود اپنی کتاب پر بین لگایا تھا ، خان عبدالقیوم خان اس کا نام تھا اورتخلص ’’مرد آہن‘‘ لکھاکرتا تھا اورپھر بھٹو نے اسے ڈبل بیرل خان کا نام بھی دیا تھا، اس نے اپنی ’’گولڈ اینڈگنز‘‘ پر اپنے ہی عہد میں پابندی لگائی تھی ۔
یہ معمہ کبھی کوئی حل نہیں کرسکا کہ جب کسی کو اچھی طرح معلوم ہو بلکہ روزانہ بتایا جارہا ہو، مرکز پر حملہ روک دو ، ورنہ۔۔۔۔ حملہ روک دو ورنہ ۔۔۔۔۔۔ اوراس باربار ’’ورنے‘‘ کے بعد بھی نہ رکے تو اسے کیا کہا جائے گا، جب ہروقت آبیل مجھے مار، آبیل مجھے مار کا مظاہرہ ہورہا ہو تو بیل اورکیا کرے گا ، ٹکر مارے گا اور پھر’’مار‘‘دی ۔ہم نے اس پر بہت سوچا ، دانا دانشوروں کے کالم پڑھے ، تجزیہ نگاروں کے تجزئیے چینلوں پر سنے ، بیان بازوں کے بیان بھی پڑھے، لیکن یہ بات سمجھ میں آئی کہ دیدہ ودانستہ تلوار سے ’’گردن‘‘ لڑانے کی آخر ضرورت کیا تھی جناب۔ جب آپ لوگ آرام سے دیسی مرغی اوردیسی گھی کے مزے لے رہے تھے اوریہاں صوبے میں پی ٹی آئی کے لوگ ’’انصاف‘‘ کرنے میں لگے رہو منابھائی تھے تو پھر خوا مخوا ؟؟؟
پی ٹی آئی اوربہت کچھ کے بانی، کی کوئی نظر بندی نہیں ہے ، کسی تقریر وغیرہ پر عام گرفتاری نہیں ہوئی ہے، باقاعدہ مقدمات چلے ہیں ، جرم ثابت ہوئے ہیں ، عدالتوں نے باقاعدہ فیصلے کیے، سزائیں سنائی گئی ہیں ۔اب اس ملک میں کوئی ایسی اتھارٹی ہے ہی نہیں کہ اسے صرف تالہ کھول کر رہا کردے کہ جا اڑجا رے پنچھی ۔ بلکہ اس کی رہائی کے لیے باقاعدہ اونچی عدالتوں میں اپیلیں ہوں گی ، سنوائیاں ہوں گی ، تاریخ پہ تاریخ چلے گی۔
ماتحت عدالتوں کے فیصلے کالعدم کرکے اونچی عدالتیں یہ سب کچھ ختم کریں۔ اوراس کی واحد صورت یہ ہے کہ حکومت اورپی ٹی آئی میں سمجھوتہ ہوجائے ، جلسوں، دھرنوں ،جلوسوں اور اسلام آباد پر چڑھائی سے تویہ کام ہونے والا ہے نہیں، تو پھر ، یہ ہنگامہ اے خدا کیا تھا؟سب کچھ ظاہرتھا، صاف نظر آرہا تھا لیکن پھر بھی آخر کیوں ؟ کس لیے؟کیا اسی کے لیے جوہوگیا؟ اس سے تو یہ لگتا ہے جیسے پی ٹی آئی والے خود ہی ایسا کرناچاہتے ہوں ؟ بانی نے اپنی عادت کے مطابق اقتدار کے دسترخوان پر بیٹھتے ہی ’’آدھے پیٹ‘‘ اٹھادئیے اورنئے لوگوں کو لاکر دسترخوان پر بٹھا دیاگیا ، بیچارے اٹھائے جانے والے خوشی خوشی تو نہیں اٹھے ہوں گے ، بچے کے منہ سے بھی آدھے میں ’’بوتل‘‘ چھین کردوسرے کو دے دی جائے تو رو دے گا۔
حیف درچشم زدن دیدن ہار آخرشد
روئے گل سیر نہ دیدم وبہار آخر شد
آدھے میں دسترخوان سے اٹھائے جانے والے آرام سے تو نہیں بیٹھ سکتے تھے چنانچہ بانی کی رہائی کا نقارہ زورسے بجانا شروع کردیاگیا، بیچ میں کچھ تھوڑی بہت سمجھوتے کی کوشش بھی ہوئی لیکن ’’آدھے پیٹ‘‘ اٹھنے والے تہیہ کیے ہوئے تھے کہ ہم تو فیل ہوگئے ہیں، چچازاد کو بھی پاس نہیں ہونے دیں گے چنانچہ بانی کی رہائی کے لیے ہلہ مچادیا۔ اورآخر کارکھانے والوں کو مجبور کیا کہ میدان میں اترجائیں اوران کو اترنا پڑا اورآدھے پیٹ اٹھنے والے کامیاب ہوگئے ۔ چچازاد کو بھی فیل کردیا ۔
ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل