Loading
دنیا کی تاریخ میں بعض مناظر ایسے ہوتے ہیں جنھیں دیکھنے کے لیے آنکھوں کی نہیں، زندہ ضمیر کی ضرورت ہوتی ہے۔ غزہ کی سرزمین پر برستی بارش، پانی میں ڈوبتے خیمے اور مٹی کے تودوں تلے دب کر دم توڑتے معصوم بچے ایسا ہی ایک منظر پیش کر رہے ہیں، جہاں انسان کی بے بسی اور عالمی سیاست کی سنگ دلی ایک دوسرے کے بالمقابل کھڑی دکھائی دیتی ہیں۔
جنگوں میں تباہ ہونے والی عمارتیں دوبارہ تعمیر کی جا سکتی ہیں، اجڑے ہوئے شہر آباد کیے جا سکتے ہیں اور معاشی نقصانات کی تلافی بھی ممکن ہے، مگر جس معاشرے کی کئی نسلیں خوف، محرومی، بے گھری اور مسلسل موت کے سائے میں پروان چڑھیں، اس کے اجتماعی زخموں کا مداوا محض تعمیر ِ نو کے اعلانات سے نہیں ہو سکتا۔ غزہ کا المیہ اب صرف جنگی تباہی کی داستان نہیں رہا بلکہ عالمی نظامِ انصاف، انسانی حقوق اور بین الاقوامی ضمیر کی ساکھ کا بنیادی سوال بن چکا ہے۔
شدید بارشوں کے دوران بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر مٹی کا تودہ گرنے سے چار افراد، جن میں تین بچے شامل ہیں، شہید ہو جانا اس انسانی بحران کی سنگینی کا ایک اور لرزہ خیز مظہر ہے۔ یہ اموات بظاہر قدرتی آفت کا نتیجہ دکھائی دیتی ہیں، لیکن ان کے پس منظر میں ایک طویل جنگ، تباہ شدہ شہری ڈھانچہ، غیر محفوظ پناہ گاہیں اور انسانی ضروریات سے محروم آبادی موجود ہے۔ جب کسی آبادی کے مکانات، اسپتال، تعلیمی ادارے اور بنیادی سہولتیں تباہ کر دی جائیں اور لاکھوں افراد کو عارضی خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہونا پڑے تو بارش بھی ان کے لیے رحمت کے بجائے خطرے کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ غزہ میں ہزاروں خیموں کا زیر آب آنا، بعض مقامات پر پانی کا پانچ فٹ تک بلند ہو جانا اور امدادی کارکنوں کا ہزاروں ہنگامی کالز میں سے صرف محدود تعداد پر پہنچ پانا کسی معمولی انتظامی دشواری کا نام نہیں، بلکہ ایک ایسے انسانی نظام کی تباہی ہے۔
اقوام متحدہ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی تقریباً اسی فیصد عمارتیں تباہ یا متاثر ہو چکی ہیں، جب کہ انیس لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ بارہ لاکھ کے قریب انسان خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان اعداد کو محض شماریاتی معلومات سمجھنا دراصل اس انسانی کرب کو نظرانداز کرنا ہے جس میں ایک خاندان اپنا گھر، روزگار، تعلیمی مستقبل اور تحفظ کا احساس بیک وقت کھو دیتا ہے۔ جنگ بندی کا اعلان اگر شہریوں کو محفوظ زندگی، بنیادی خوراک، علاج اور مستقل پناہ فراہم نہیں کر سکتا تو اس کی عملی معنویت پر سوال اٹھنا فطری ہے۔ جنگ بندی کا اصل مقصد صرف ہتھیاروں کی گھن گرج کم کرنا نہیں بلکہ انسانی زندگی کو معمول کی طرف واپس لانا ہونا چاہیے۔ اسرائیلی کارروائیوں کا جاری رہنا اور نئی نقل مکانی کی صورت حال اس امر کی متقاضی ہے کہ عالمی برادری محض تشویش کے بیانات سے آگے بڑھ کر قابلِ عمل اقدامات کرے۔
غزہ کے انسانی المیے کو مشرقِ وسطیٰ کی وسیع تر کشیدگی سے الگ کرکے بھی نہیں دیکھا جا سکتا۔ ایران اور امریکا کے درمیان محاذ آرائی نے خطے کو ایک ایسے خطرناک دوراہے پر لاکھڑا کیا ہے جہاں ایک محدود فوجی کارروائی بھی عالمی معیشت اور بین الاقوامی سلامتی کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا جانا، متعدد بحری جہازوں میں آگ لگنا اور سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات اس بحران کے جغرافیائی دائرے کو وسیع کر رہی ہیں۔
آبنائے ہرمز محض سمندری گزرگاہ نہیں بلکہ عالمی توانائی کی شہ رگ ہے۔ یہاں پیدا ہونے والی بے یقینی کا اثر تیل کی قیمتوں، مال برداری کے اخراجات، بیمہ پالیسیوں اور بالآخر عام صارف کی قوتِ خرید تک پہنچتا ہے۔ توانائی کی عالمی منڈی میں معمولی اضطراب بھی ترقی پذیر ممالک کے لیے مہنگائی، مالیاتی دباؤ اور معاشی عدم استحکام کا سبب بن سکتا ہے۔ تاہم اس بحران کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ تصادم کے باوجود سفارت کاری کے دروازے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے اور خلیجی جہازوں پر حملے روکنے کے بدلے قطر میں منجمد آٹھ ارب ڈالر کے اثاثوں کی بحالی کی تجویز اسی حقیقت کی نشان دہی کرتی ہے کہ فریقین اپنے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے کسی عبوری مفاہمت کی گنجائش تلاش کر رہے ہیں۔ قطر کی ثالثی میں ہونے والی کوششیں اور قطری وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات اس سفارتی عمل کی اہم کڑیاں ہیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت میں کمی بھی اس امکان سے وابستہ امیدوں کی عکاس ہو سکتی ہے کہ کشیدگی میں کمی کی کوئی صورت نکل آئے۔ تاہم بازاروں کا ردعمل کسی معاہدے کی ضمانت نہیں ہوتا۔ اصل امتحان یہ ہے کہ آیا واشنگٹن اور تہران وقتی مفادات سے آگے بڑھ کر ایسے اصولوں پر متفق ہو سکتے ہیں جو خطے میں پائیدار استحکام کی بنیاد بنیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا عزت و احترام کے ساتھ تنازع حل کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کرنا ایک قابلِ توجہ سفارتی اشارہ ہے۔ اس کے ساتھ طاقت کے استعمال اور دھمکیوں کے سامنے نہ جھکنے کا اعلان تہران کی اس بنیادی ترجیح کو بھی واضح کرتا ہے کہ وہ کسی ایسے سمجھوتے کو قبول نہیں کرے گا جسے اپنی قومی خودمختاری سے دست برداری تصور کرے۔
ایران کی جانب سے مذاکرات کے لیے سات شرائط پیش کیے جانے کی اطلاعات بھی بتاتی ہیں کہ اعتماد کا فقدان بدستور موجود ہے۔ دوسری طرف امریکی پالیسی ساز حلقوں میں اختلافات اس بات کا ثبوت ہیں کہ واشنگٹن میں بھی جنگ اور مذاکرات کے راستوں پر یکساں اتفاق نہیں پایا جاتا۔ نائب صدر جے ڈی وینس اور جیرڈ کشنر سمیت بعض حلقوں کی مفاہمت میں دلچسپی کے مقابلے میں مارکو روبیو اور پیٹ ہیگستھ کی مخالفت امریکی حکمت عملی کی داخلی پیچیدگی کو نمایاں کرتی ہے۔ ایسے ماحول میں کوئی بھی سمجھوتا اسی وقت پائیدار ہو سکتا ہے جب اس کی شرائط قابلِ قبول، قابلِ تصدیق اور باہمی ضمانتوں سے مزین ہوں۔
چین کے خصوصی ایلچی ژائی جون کی تہران میں ایرانی حکام سے ملاقاتیں بھی اس بحران میں عالمی طاقتوں کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار کی نشان دہی کرتی ہیں۔ بیجنگ کے لیے مشرقِ وسطیٰ کا استحکام محض سیاسی ترجیح نہیں بلکہ توانائی کی ضروریات اور عالمی اقتصادی مفادات وابستہ معاملہ ہے۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا ایران پر حملوں کی نئی لہر کی مخالفت کرنا اور فرانس کا ایران پر ممکنہ یورپی پابندیوں کا اعلان کرنا مغربی اور علاقائی پالیسیوں کے مختلف زاویوں کو سامنے لاتا ہے۔ شام کی جانب سے یمن میں فوجی دستے بھیجنے کی تردید بھی اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ خطے کے ممالک وسیع تر جنگ میں براہِ راست شمولیت کے نتائج سے محتاط ہیں۔
امریکی سیاست میں حالیہ انتخابی نتائج اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنا تجزیہ بھی مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کے ایک اہم سیاسی پہلو کو نمایاں کرتا ہے۔ ٹرمپ نے ایران جنگ، ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اسرائیل کے بارے میں امریکی عوام کے منفی جذبات کو انتخابی نقصان کی وجوہات میں شمار کیا ہے۔ اگرچہ ان کے بیان کے ساتھ ایسے جامع اعداد و شمار پیش نہیں کیے گئے جن سے اسرائیل مخالف جذبات کے انتخابی نتائج پر اثرات کا قطعی تعین کیا جا سکے، تاہم اس اعتراف کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ امریکی رائے عامہ میں خارجہ پالیسی اور جنگی فیصلوں کی سیاسی قیمت بڑھ رہی ہے۔
جمہوری معاشروں میں عوامی حمایت کسی بھی حکومت کے لیے بنیادی سیاسی سرمایہ ہوتی ہے۔ جب بیرونی جنگیں داخلی مہنگائی، معاشی بے یقینی اور سیاسی تقسیم کو جنم دینے لگیں تو حکمرانوں کے لیے اپنی پالیسیوں کا دفاع مشکل ہو جاتا ہے۔ امریکی انتخابات کا یہ پہلو واضح کرتا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگیں اب صرف علاقائی تنازعات نہیں رہیں بلکہ عالمی سیاست کے داخلی توازن کو بھی متاثر کر رہی ہیں۔
پاکستان کے لیے اس بدلتی ہوئی صورتِ حال میں ذمے دارانہ سفارت کاری کی اہمیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ ایران کے ساتھ تاریخی، جغرافیائی اور معاشی روابط، خلیجی ممالک سے برادرانہ تعلقات اور امریکا کے ساتھ دیرینہ سفارتی و اقتصادی روابط پاکستان کو ایک اہم متوازن کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ کو اس وقت کسی نئی عسکری صف بندی سے زیادہ ایک ایسے سیاسی عہد کی ضرورت ہے جس میں خودمختاری کا احترام، شہریوں کا تحفظ اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی بنیادی اصول ہوں۔
غزہ کے بچوں کو بارش سے محفوظ چھت درکار ہے، ایران کو دھمکیوں سے پاک مذاکراتی ماحول اور خلیجی ممالک کو محفوظ تجارتی راستے۔ ان مسائل کا حل میزائلوں، پابندیوں اور معاشی ناکہ بندیوں کی توسیع میں نہیں بلکہ سنجیدہ مکالمے اور باہمی اعتماد کی بحالی میں مضمر ہے۔ عالمی طاقتوں کو سمجھنا ہوگا کہ طاقت کا حقیقی امتحان جنگ مسلط کرنے میں نہیں، اسے روکنے کی صلاحیت میں ہے، اگر انسانی زندگی کو سیاسی مفادات پر ترجیح نہ دی گئی تو تاریخ اس عہد کو صرف جنگوں اور تباہیوں کے حوالے سے نہیں بلکہ ان بے شمار مواقع کے ضیاع کے طور پر بھی یاد رکھے گی جب امن ممکن تھا، مگر اسے اختیار نہیں کیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل