Wednesday, November 11, 2026
 

ایل پی جی کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار اوگرا سے لے لیا گیا، نئی کمپنی قیمت طے کرے گی

 



ایل پی جی مافیا کو کنٹرول کرنے اور عوام کو سستی سرکاری قیمت پر ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے ایل پی جی قیمت کا تعین اوگرا کے بجائے پی ایس او سمیت دیگر کمپنیوں پر مشتمل بنائی جانے والی کمپنی کرے گی، قیمت مقرر کرنے کے اختیارات اوگرا سے لے لیے گئے۔ ایل پی جی کی فروخت صرف قوانین کے تحت بننے والے ایل پی جی پمپس اور دکانوں سے ہوگی جبکہ غیر قانونی طور پر ایل بی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع ہوگئی، عوام خالی سلنڈر دکاندار کو دے گی اور بھرا ہوا سلنڈر لے جائے گی تاکہ عوام کو حادثات سے بچایا جائے۔ حکومت کمپنیوں کے ساتھ مل کر سستے اور معیاری سلنڈر مارکیٹ میں فروخت کرے گی۔ ایل پی جی مافیا سے عوام کی جان چھڑانے کے لیے حکومت نے اقدامات شروع کر دیے، اب اوگرا کے بجائے پی ایس او، سوئی گیس اور آئل کمپنیوں پر مشتمل نئی کمپنی ایل پی جی کی قیمت کا تعین کیا کرے گی، آئندہ ماہ کے لیے ایل پی جی کی قیمت اسی کمپنی نے مقرر کرنی ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے مطابق ایل پی جی کی جو سرکاری قیمت ہوگی تمام ڈسٹریبیوٹرز اور دکاندار اسی قیمت پر فروخت کریں گے، کوئی من مانی قیمت پر فروخت نہیں کرے گا، جو دکاندار یا ڈسٹریبیوٹر من مانی قیمت پر فروخت کرے گا اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی جبکہ عوام کو ایل پی جی سلنڈرز پھٹنے کے واقعات سے بچانے کے لیے بھی دو اور  تین کلو سے لے کر پانچ کلو تک کا معیاری اوگرا سے منظور شدہ کمپنیوں کے سلنڈروں میں ایل پی جی ملا کرے گی۔ صارفین خالی گیس سلنڈر لا ئیں گے اور بھرا ہوا ایل پی جی سلنڈر لے جائیں گے، غیر معیاری اور ناقض سلنڈرز میں ایل پی جی نہیں ملا کرے گی۔ اگر کوئی دکاندار غیر معیاری سلنڈر میں بھرتا ہوا پکڑا گیا اس کی دکان سیل کر دی جائے گی اور بھاری جرمانے بھی عائد ہوں گے۔ دوسری جانب، ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل رانا عبدالجبار نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کپ ہم تیار ہیں، حکومت ہمیں سبسڈائز ریٹ پر معیاری سلنڈر فراہم کرے، ہم ہر طرح سے تعاون کرنے کو تیار ہیں اور غیر قانونی ایل پی جی کی فروخت کے بھی خلاف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حادثات سے بچاؤ کے لیے حکومت جو بھی اقدامات کر رہی ہے ہم ان پر عمل درآمد کریں گے، دکاندار بھی نہیں چاہتے کہ کسی کی بھی جان جائے اور زیادہ خطرہ تو دکاندار کو ہی ہوتا ہے اور ہم نے دکانداروں کو کہہ دیا ہے کہ ناقض سلنڈر میں ایل پی جی نہ بھرے، اگر کوئی دکاندار ایسا کرتا ہے تو کارروائی ہوگی اور ہم ایسی کسی دکان دار کی حمایت نہیں کریں گے۔ سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ جن دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور ان کے پمپس اور دیگر آلات قبضے میں لیے گئے ہیں وہ ضائع کرنے کے بجائے واپس کر دیں، کچھ دکانداروں نے قسطوں پر لیے ہیں اس لیے ضائع کرنے سے بہتر ہے کچھ جرمانہ کر کے واپس کر دیں تاکہ اس مہنگائی کے دور میں وہ دو وقت کی روٹی کما سکے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل