Loading
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیس بک پر قرآنی وظائف اور موکل فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر خاتون سے 25 لاکھ روپے ہتھیانے کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی ( کراچی زون) نے متاثرہ خاتون کی پوری رقم ریکور کروا دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی زون کے ڈائریکٹر جنرل علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر آن لائن مالی فراڈ کا شکار شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں خاتون سیدہ ارجمند کی شکایت پر تحقیقات کرتے ہوئے 25 لاکھ روپے کی ریکوری کرائی گئی۔ متاثرہ خاتون فیس بک پر ’’قرآنی وظائف‘‘ کے نام سے قائم ایک پیج کے ذریعے مالی فراڈ کا شکار ہوئی تھیں۔
مذکورہ پیج چلانے والی مبینہ جعلی پیرنی لوگوں کو پیسوں کے عوض وظائف بتانے، زندگی کی مشکلات دور کرنے، پریشانیوں سے نجات دلانے اور موکل فراہم کرنے کا جھانسہ دیتی تھی۔
شکایت کنندہ کو بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ مخصوص وظائف پڑھنے سے ان کے مسائل حل ہوجائیں گے اور انہیں دو موکل بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اس جھانسے میں آکر خاتون نے نومبر 2025 میں مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کردیے۔
بعدازاں فراڈ کا علم ہونے پر خاتون نے این سی سی آئی اے سے رجوع کیا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ رقم آفاق نامی شخص کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی تھی۔
این سی سی آئی اے کراچی زون نے تفتیش کے نتیجے میں اکاؤنٹ ہولڈر تک رسائی حاصل کرکے متاثرہ خاتون کی مکمل رقم ریکور کروا دی۔این سی سی آئی اے کے مطابق مالی فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی عاملوں، پیروں اور پیرنیوں سمیت روحانی علاج اور موکل فراہم کرنے کے نام پر رقم طلب کرنے والے عناصر سے محتاط رہیں اور کسی بھی آن لائن فراڈ کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ ادارے سے رجوع کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل