Loading
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس ضلع وسطی کی جانب سے سرکاری ای پی آئی ویکسین کے غیر قانونی استعمال اور مبینہ فروخت کے معاملے میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں دو سرکاری ویکسی نیٹرز مبشر الحسن اور شیراز نواز صدیقی کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی جامع تحقیقات کے لیے باقاعدہ انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضلع وسطی کو موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر 7 نومبر کو اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد کے ہمراہ ایک نجی اسپتال میں مشترکہ کارروائی کی گئی تھی، جس کے دوران سرکاری ای پی آئی ویکسین برآمد کرکے سیل کر دی گئی اور ڈسٹرکٹ ویکسین اسٹور کی تحویل میں دے دی گئی تھی۔
اس کارروائی کے فوری بعد 8 نومبر کو ابتدائی محکمانہ اقدامات بھی عمل میں لائے گئے، جبکہ مزید تحقیقات کے دوران مبینہ طور پر نجی ویکسینیشن سروس ’ویکسی گو (VaxiGo)‘ سے منسلک سرکاری اہلکاروں کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر پروگرام ڈائریکٹر ای پی آئی کی جانب سے دونوں ویکسی نیٹرز کی معطلی کے باقاعدہ احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
(مزید تحقیقات کے دوران مبینہ طور پر نجی ویکسینیشن سروس ’ویکسی گو (VaxiGo)‘ سے منسلک سرکاری اہلکاروں کے کردار کا جائزہ لیا گیا)
انکوائری کمیٹی دستیاب شواہد، متعلقہ ریکارڈ اور فریقین کے بیانات کا جائزہ لے کر حقائق کا تعین کرے گی۔ انکوائری کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف سندھ سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 1973 اور دیگر متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس ضلع وسطی کے مطابق سرکاری ویکسین کے غلط استعمال، غیر قانونی منتقلی یا فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔ سرکاری ای پی آئی ویکسین تمام شہریوں کو بلا معاوضہ فراہم کی جاتی ہیں اور کسی بھی شخص کو ان کے عوض رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کوئی فرد سرکاری ویکسین کے نام پر رقم طلب کرے تو فوری طور پر متعلقہ محکمہ صحت کے حکام کو اطلاع دیں۔
واضح رہے کہ انکوائری کا عمل جاری ہے اور حتمی نتائج سامنے آنے تک کسی بھی فرد کو قصوروار قرار نہیں دیا جا سکتا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل