Loading
اقتصادی تعاون تنظیم( ای سی او) کے رکن ممالک نے اسلام آباد امن مذاکرات کے انعقاد، ان کے نتیجے میں مفاہمتی یاد داشت کی تشکیل اور سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے جنگ کے مکمل اور مستقل خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششوں کی حمایت اور ایران کے تازہ امن اقدام کا خیرمقدم اس امر کا اظہار ہے کہ خطے کے ممالک اب مسلسل کشیدگی کے تباہ کن اثرات سے نکلنے کے لیے سنجیدہ سفارتی راستے کے متلاشی ہیں۔ یہ تائید پاکستان کے لیے اعتماد کا سرمایہ بھی ہے اور ایک بڑی ذمے داری بھی، کیونکہ ثالثی کا منصب صرف مذاکرات کی میز سجانے سے نہیں بلکہ متحارب فریقوں کے درمیان اعتماد کی فضا برقرار رکھنے سے استحکام پاتا ہے۔
ایران اور امریکا کے مابین اختلافات کی نوعیت پیچیدہ ہے۔ ایسے ماحول میں پاکستان کا دونوں دارالحکومتوں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنا ایک غیر معمولی سفارتی توازن کا تقاضا کرتا ہے۔کسی بھی عارضی مفاہمت کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ فریقین ایک دوسرے کے تحفظات کو محض سیاسی مطالبات کے بجائے حقیقی مذاکراتی نکات سمجھیں۔ جنگ کا خاتمہ صرف ہتھیار خاموش کرانے کا نام نہیں، بلکہ ان محرکات کو دور کرنا بھی ضروری ہے جو بار بار تصادم کو جنم دیتے ہیں۔ پاکستان کو اپنی سفارتی کوششوں میں اسی بنیادی نکتے کو پیش نظر رکھنا ہوگا۔
اس اجلاس کی اہمیت صرف مشرق وسطیٰ کی کشیدگی تک محدود نہیں۔ سترہ ممالک کے وفود اور مبصرین کی شرکت نے اقتصادی تعاون تنظیم ( ای سی او) کو ایک وسیع علاقائی مکالمے کی صورت دی ہے۔ تنظیم کے اقتصادی تعاون کے اسٹرٹیجک اہداف 2035 کی منظوری دراصل آیندہ عشرے کے لیے ایک نئے علاقائی معاشی تصور کی بنیاد ہے۔ وژن 2025 کی جگہ نئے فریم ورک کا اختیار کیا جانا اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ گزشتہ دور کے تجربات سے آگے بڑھ کر اب زیادہ قابلِ عمل، مربوط اور نتیجہ خیز حکمت عملی درکار ہے۔ پاکستان کی جانب سے تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں، تجارتی معاہدے، استحکام اور انسانی ترقی کو پانچ بنیادی ترجیحات قرار دینا ایک جامع تصور کی عکاسی کرتا ہے، تاہم اصل کامیابی قراردادوں اور اعلامیوں کی تعداد سے نہیں بلکہ ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی معاشی تبدیلیوں سے ناپی جائے گی۔
اس خطے کا سب سے بڑا المیہ یہ رہا ہے کہ قدرتی وسائل، افرادی قوت، زرعی امکانات اور جغرافیائی اہمیت کے باوجود باہمی تجارت اپنی حقیقی استعداد تک نہیں پہنچ سکی۔ سرحدوں کے آرپار موجود منڈیاں ایک دوسرے سے کٹی ہوئی ہیں، کسٹمز کے پیچیدہ ضابطے تجارتی سرگرمیوں کی رفتار محدود کرتے ہیں اور نقل و حمل کی بلند لاگت علاقائی مصنوعات کو عالمی منڈی میں مسابقت سے محروم رکھتی ہے۔ ای سی او تجارتی معاہدے میں اصلاحات، مشترکہ تجارتی زونز، ٹرانزٹ راہداریوں کی مضبوطی اور بندرگاہوں تک بہتر رسائی کی تجاویز اسی بنیادی رکاوٹ کو دور کرنے کی کوشش ہیں، اگر رکن ممالک ان اقدامات کو عملی شکل دینے میں کامیاب ہو جائیں تو پاکستان، ایران، ترکیہ، وسطی ایشیائی ریاستوں اور دیگر علاقائی منڈیوں کے درمیان تجارت کے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
پاکستان کے لیے اس منصوبے میں خصوصی اہمیت موجود ہے۔کراچی اور گوادر کی بندرگاہیں اسے بحیرہ عرب کے راستے عالمی تجارت سے منسلک کرتی ہیں، جب کہ شاہراہوں اور ریل رابطوں کے ذریعے وسطی ایشیا تک رسائی علاقائی معیشت کو نئی جہت دے سکتی ہے، مگر اس مقصد کے لیے محض جغرافیائی محل وقوع کافی نہیں۔ جدید بندرگاہی سہولتیں، موثر کسٹمز نظام، محفوظ شاہراہیں، قابل اعتماد توانائی، ڈیجیٹل تجارتی طریقہ کار اور پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہیں۔ پاکستان کو اپنی داخلی معاشی اصلاحات کو علاقائی تعاون کے منصوبوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، اگر ملک کے اندر سرمایہ کار کو غیر یقینی پالیسیوں، توانائی کی مہنگی قیمتوں اور انتظامی پیچیدگیوں کا سامنا رہے تو بین الاقوامی تجارتی راہداریوں کے امکانات بھی پوری طرح بروئے کار نہیں آ سکیں گے۔
معدنی وسائل کے شعبے میں ای سی او کے پانچ سالہ روڈ میپ 2026ء تا 2030ء کی منظوری بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان سمیت خطے کے متعدد ممالک قدرتی معدنیات کے وسیع ذخائر رکھتے ہیں، مگر ان وسائل کی حقیقی قدر اسی وقت سامنے آ سکتی ہے جب خام مال کی برآمد کے بجائے مقامی سطح پر اس کی پراسیسنگ، صنعتی استعمال اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دیا جائے۔ معدنیات کی تلاش، جدید کان کنی، تکنیکی تربیت، سرمایہ کاری اور مشترکہ صنعتی منصوبوں میں تعاون علاقائی معیشت کو نئی قوت دے سکتا ہے۔
اس سارے معاشی منظرنامے کا ایک اہم تقاضا علاقائی امن ہے۔ کوئی بھی سرمایہ کار ایسے خطے میں طویل مدتی سرمایہ کاری نہیں کرتا جہاں تجارتی راستے غیر یقینی کا شکار ہوں اور دہشت گردی ہورہی ہو۔ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات اسی حقیقت کی ایک نمایاں مثال ہیں۔ پاکستان ایک پُر امن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے جو اپنے پڑوسیوں کے لیے خطرے کے بجائے علاقائی ترقی میں شریک بنے۔ تاہم افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیاں ایک ایسا سنگین مسئلہ ہیں جسے محض سفارتی بیانات یا خیرسگالی کے وعدوں سے حل نہیں کیا جا سکتا۔
اس معاملے میں پاکستان کا موقف واضح ہے کہ افغان حکام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ٹھوس، موثر اور قابلِ تصدیق اقدامات کریں۔ سرحدی سلامتی کے تقاضوں کے تحت آمدورفت پر پابندیاں عائد کرنا ایک مشکل مگر ناگزیر فیصلہ ہو سکتا ہے، اگر کابل عملی اقدامات کے ذریعے اعتماد بحال کرتا ہے تو تجارت، ٹرانزٹ اور اقتصادی تعاون کے دروازے مزید وسعت کے ساتھ کھل سکتے ہیں۔ افغانستان کی ای سی او میں موثر شرکت بھی اسی سازگار ماحول سے وابستہ ہے۔علاقائی سلامتی کے حوالے سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کی پیش رفت بھی توجہ طلب ہے۔ نومبر کے آخری ہفتے میں اسلام آباد میں مجوزہ عملی اجلاس اس تعاون کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو آگے بڑھانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
اقوام متحدہ کے منشور کا آرٹیکل 51 انفرادی اور اجتماعی دفاع کے حق کو تسلیم کرتا ہے، تاہم کسی بھی دفاعی انتظام کی اصل افادیت اس کے مقاصد، شفافیت اور ذمے دارانہ طرزِ عمل میں پوشیدہ ہوتی ہے، اگر یہ تعاون دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، معلومات کے تبادلے، تربیت، تکنیکی اشتراک اور علاقائی استحکام کے فروغ تک محدود رہے تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔ اس کے برعکس اسے کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی کا ذریعہ بننے سے روکنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ پاکستان کی سفارت کاری کا امتیاز یہی ہونا چاہیے کہ دفاعی تعاون اور امن کی کوششیں ایک دوسرے کی تکمیل کریں، نہ کہ متضاد سمتوں میں سفر کریں۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں غزہ کی صورت حال پر تشویش اور جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ بھی اجتماعی انسانی ضمیر کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔ خطے میں امن کی بات اسی وقت معتبر ہوگی جب انسانی جان کے احترام کو ہر سیاسی اور تزویراتی مفاد پر مقدم رکھا جائے۔ اسی طرح لاہور کو 2027ء کے لیے ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت قرار دیا جانا پاکستان کی تہذیبی شناخت، تاریخی ورثے اور ثقافتی امکانات کو علاقائی سطح پر متعارف کرانے کا ایک اچھا موقع ہے۔ سیاحت کو محض تفریحی سرگرمی سمجھنے کے بجائے روزگار، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے مؤثر وسیلے کے طور پر فروغ دیا جانا چاہیے۔
پاکستان کے لیے 2026 تا 2027کی تنظیمی صدارت ایک اہم سفارتی اور معاشی امتحان ہوگی۔ پانچ ترجیحات کو واضح ذمے داریوں، قابلِ عمل مدتوں اور قابلِ پیمائش اہداف میں تبدیل کرنے کا عزم اسی سمت میں درست قدم ہے۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ متعلقہ وزارتیں، تجارتی ادارے، نجی شعبہ اور علاقائی شراکت دار ایک مربوط نظام کے تحت کام کریں۔ کرغزستان، تاجکستان اور ترکیہ کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں اس تعاون کو عملی وسعت دینے کی بنیاد بن سکتی ہیں۔ اسلام آباد اعلامیے نے پاکستان کے لیے ایک ایسا موقع پیدا کیا ہے جس میں سفارت کاری، دفاعی تعاون اور اقتصادی اشتراک ایک دوسرے سے مربوط ہو سکتے ہیں۔
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کی کوشش ہو یا وسطی ایشیا کے لیے تجارتی راستے کھولنے کا منصوبہ، افغانستان کے ساتھ سلامتی کے مسائل ہوں یا معدنی وسائل میں مشترکہ سرمایہ کاری، ہر معاملے میں پاکستان کا بنیادی مفاد ایک پُرامن اور خوشحال خطے سے وابستہ ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سفارتی پیش رفت کو مستقل پالیسی، مضبوط ادارہ جاتی رابطوں اور ٹھوس معاشی منصوبوں میں ڈھالا جائے۔ تاریخ ان قوموں کو محض ان کے جغرافیے یا قدرتی وسائل کی بنیاد پر نہیں یاد رکھتی بلکہ ان کے فیصلوں، بصیرت اور عملی کردار سے ان کی شناخت متعین ہوتی ہے۔ پاکستان کے سامنے بھی یہی موقع ہے کہ وہ علاقائی مفاہمت، اقتصادی خود انحصاری اور مشترکہ خوشحالی کا معتبر مرکز بننے کی جانب مزید پیش قدمی جاری رکھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل