Tuesday, November 17, 2026
 

کیا انسان مشین کا غلام بن جائے گا

 



انسان نے ہمیشہ اپنی زندگی آسان بنانے کے لیے نئی ایجادات کیں۔ پہیہ ایجاد ہوا تو سفر آسان ہوا، بھاپ کے انجن نے صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھی، بجلی نے انسانی زندگی کا نقشہ بدل دیا اور کمپیوٹر نے علم، معلومات اور رابطوں کی دنیا میں ایک نئے عہد کا آغاز کیا۔ ہر نئی ایجاد کے ساتھ انسان نے ترقی کے نئے خواب دیکھے۔ تاریخ کا ایک تلخ پہلو یہ بھی ہے کہ ہر سائنسی اور تکنیکی ترقی کے ثمرات یکساں طور پر تمام انسانوں تک نہیں پہنچے۔ اکثر ایسا ہوا کہ نئی ایجادات سے سب سے زیادہ فائدہ ان لوگوں نے اٹھایا جن کے پاس پہلے ہی دولت سرمایہ اور اختیار موجود تھا جب کہ محنت کش طبقے کو اپنی روزی روٹی اور روزگار کے نئے خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔ آج ہم مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ یہ محض ایک نئی مشین یا کمپیوٹر پروگرام نہیں بلکہ ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو انسانی زندگی، معیشت، تعلیم، سیاست ،ابلاغ اور روزگار کے روایتی تصورات کو بنیادی طور پر تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ مصنوعی ذہانت اب صرف سائنسی تجربہ گاہوں تک محدود نہیں رہی۔ یہ ہمارے موبائل فون، بینکنگ ،کاروبار، اسپتالوں ، تعلیمی اداروں، صحافت اور صنعتوں میں داخل ہو چکی ہے۔ مشینیں اب صرف انسان کے حکم پر کام نہیں کرتیں بلکہ معلومات کا تجزیہ کرتی ہیں، فیصلوں میں معاونت کرتی ہیں، تحریریں لکھتی ہیں، تصاویر بناتی ہیں اور ایسے کام انجام دیتی ہیں جنھیں کبھی صرف انسانی ذہانت کا خاصہ سمجھا جاتا تھا۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ ترقی انسان کو زیادہ آزاد خوشحال اور بااختیار بنائے گی یا اسے ایک ایسے نظام کا تابع بنا دے گی، جہاں مشینیں فیصلہ کریں گی اور انسان ان فیصلوں کے سامنے بے بس ہو جائے گا۔  سرمایہ دارانہ نظام میں کسی بھی نئی ٹیکنالوجی کی اہمیت کا بنیادی پیمانہ عموماً یہ ہوتا ہے کہ وہ کتنی لاگت کم کرتی ہے اور منافع میں کتنا اضافہ کرتی ہے۔ صنعتی انقلاب کے دوران بھی مشینوں نے انسانی محنت کی جگہ لینا شروع کی تھی۔ کارخانوں میں پیداوار بڑھی اشیا سستی ہوئیں اور صنعتوں نے ترقی کی لیکن اس ترقی کے ساتھ محنت کشوں کو طویل اوقات کار کم اجرت، غیر محفوظ ماحول اور بے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ آج مصنوعی ذہانت اسی تاریخی عمل کا ایک نیا اور زیادہ پیچیدہ مرحلہ ہے۔ فرق یہ ہے کہ ماضی کی مشینیں زیادہ تر جسمانی محنت کا متبادل بنتی تھیں جب کہ مصنوعی ذہانت، انسانی ذہنی اور دفتری کاموں میں بھی مداخلت کر رہی ہے۔ اکاؤنٹنٹ، مترجم، ڈیزائنر، صحافی، کسٹمر سروس کے ملازمین، بینکوں کے کارکن، محققین اور کئی دوسرے شعبوں سے وابستہ افراد کے کام کی نوعیت تبدیل ہو رہی ہے۔ بعض کام ختم ہو سکتے ہیں ،کچھ نئے کام پیدا ہوں گے اور بہت سے پیشوں میں انسانی مہارت کی ضرورت کم یا مختلف ہو سکتی ہے۔ یہ کہنا درست نہیں کہ مصنوعی ذہانت تمام انسانوں کو بے روزگار کر دے گی۔ تاریخ بتاتی ہے کہ ٹیکنالوجی جہاں کچھ ملازمتیں ختم کرتی ہے ،وہاں نئی ملازمتوں اور نئے پیشوں کے امکانات بھی پیدا کرتی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ اس تبدیلی کی قیمت کون ادا کرے گا؟ اگر کسی کمپنی نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے اپنے اخراجات کم کیے، پیداوار بڑھائی اور منافع میں اضافہ کیا تو کیا اس اضافی دولت میں ان کارکنوں کا بھی حصہ ہوگا جن کی محنت اور ملازمتوں کی جگہ مشینوں نے لے لی یا اس ترقی کا فائدہ صرف کمپنی کے مالکان اور سرمایہ کاروں تک محدود رہے گا۔ یہی وہ بنیادی تضاد ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ٹیکنالوجی بذات خود نہ اچھی ہوتی ہے نہ بری۔ اس کا استعمال اور اس سے حاصل ہونے والے فوائد کی تقسیم اس سماجی اور معاشی نظام پر منحصر ہوتی ہے ،جس میں اسے بروئے کار لایا جاتا ہے، اگر مصنوعی ذہانت کا مقصد صرف سرمایہ داروں کے منافع میں اضافہ اور محنت کی لاگت کم کرنا ہوگا تو یہ معاشی ناہمواری کو مزید بڑھا سکتی ہے۔ اس کے برعکس اگر اسے اجتماعی انسانی فلاح کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ کام کے اوقات کم کرنے صحت اور تعلیم کی سہولتیں بہتر بنانے اور انسان کو غیر ضروری مشقت سے نجات دلانے کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لیے یہ سوال اور بھی اہم ہے۔ یہاں پہلے ہی بے روزگاری، غربت کم اجرت، غیر معیاری تعلیم اور معاشی عدم مساوات جیسے سنگین مسائل موجود ہیں۔ ہماری بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ لاکھوں نوجوان تعلیم حاصل کرنے کے باوجود مناسب روزگار سے محروم ہیں، اگر مصنوعی ذہانت کے باعث بین الاقوامی منڈی میں روایتی دفتری اور خدماتی ملازمتوں کی طلب کم ہوتی ہے تو پاکستان کے نوجوانوں کے لیے نئے چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں۔ خصوصاً وہ نوجوان جو فری لانسنگ، کال سینٹرز، ترجمے، ڈیٹا انٹری اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کے ذریعے روزگار حاصل کرتے ہیں، انھیں بدلتی ہوئی دنیا کے لیے تیار ہونا ہوگا۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم مصنوعی ذہانت سے خوفزدہ ہو کر اس کی مخالفت شروع کر دیں۔ ایسا کرنا ترقی کے عمل سے خود کو الگ کرنے کے مترادف ہوگا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں طلبہ کو صرف روایتی تعلیم نہ دی جائے بلکہ انھیں ڈیجیٹل مہارتیں تنقیدی سوچ تحقیق اور نئی ٹیکنالوجی کے ذمے دارانہ استعمال کی تربیت بھی دی جائے۔ اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ ٹیکنالوجی تک رسائی صرف امیر طبقے اور بڑے شہروں تک محدود نہ رہے۔ دیہی علاقوں سرکاری تعلیمی اداروں اور کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو بھی اس ترقی میں برابر کا شریک بنایا جائے۔ مصنوعی ذہانت کا ایک اور خطرناک پہلو معلومات اور اختیار کا ارتکاز ہے۔ دنیا کی چند بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں ایسے نظام تیار کر رہی ہیں جن کے پاس اربوں انسانوں کے ڈیٹا معلومات اور رویوں کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت ہے۔ یہ طاقت محض کاروباری برتری کا معاملہ نہیں بلکہ سیاسی اور سماجی اثر و رسوخ کا بھی ذریعہ بن سکتی ہے، اگر چند بڑی کمپنیاں یہ طے کرنے لگیں کہ انسان کیا دیکھے، کیا پڑھے، کس معلومات تک رسائی حاصل کرے اور کس بنیاد پر فیصلے کرے تو انسانی آزادی اور نجی زندگی کے بنیادی حقوق خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔  اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے جھوٹی خبریں، جعلی تصاویر اور گمراہ کن ویڈیوز تیار کرنا بھی آسان ہو گیا ہے۔ جمہوریت ،صحافت اور عوامی رائے کے لیے یہ ایک سنجیدہ خطرہ ہے۔ جب حقیقت اور فریب میں فرق کرنا مشکل ہو جائے تو سماج میں اعتماد کمزور پڑتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کے لیے ایسے قوانین اور ضابطے بنائے جائیں جو انسانی حقوق نجی معلومات کے تحفظ شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنائیں۔ تاہم اس تصویر کا ایک روشن پہلو بھی ہے۔ مصنوعی ذہانت طب کے شعبے میں بیماریوں کی تشخیص بہتر بنا سکتی ہے، زراعت میں فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں مدد دے سکتی ہے، قدرتی آفات کی پیش گوئی اور ان سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنا سکتی ہے اور تعلیم کو زیادہ قابل رسائی بنا سکتی ہے۔ اگر ان سہولتوں کو عام انسانوں تک پہنچایا جائے تو یہ انسانی ترقی میں غیر معمولی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ یہ سب اسی وقت ممکن ہے جب ٹیکنالوجی کو محض منافع کی چیز نہیں بلکہ انسانی فلاح کا وسیلہ سمجھا جائے۔ ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا ہوگا کہ آنے والی دنیا میں صرف وہی سماج ترقی کریں گے جو نئی ٹیکنالوجی کو سمجھنے اس پر تحقیق کرنے اور اسے اپنے عوام کی ضروریات کے مطابق استعمال کرنے کی صلاحیت پیدا کریں گے۔ پاکستان کو اس معاملے میں محض صارف بن کر نہیں رہنا چاہیے۔ ہمیں اپنی جامعات تحقیقی اداروں اور مقامی ماہرین کی مدد سے مصنوعی ذہانت کے میدان میں اپنی صلاحیتیں پیدا کرنا ہوں گی۔ میری خواہش ہے کہ پاکستان کے تھنک ٹینکس، جامعات اور علمی و تحقیقی ادارے مصنوعی ذہانت کے موضوع پر مزید پروگرام سیمینار اور مکالمے منعقد کریں۔ آغا خان یونیورسٹی نے بھی اس موضوع پر کچھ پروگرام کیے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ وہ اور دوسرے علمی ادارے بھی اس سلسلے کو آگے بڑھائیں گے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مصنوعی ذہانت کو صرف ٹیکنالوجی ،کاروبار اور ترقی کے زاویے سے نہ دیکھا جائے بلکہ اس کے سماجی معاشی سیاسی اور انسانی اثرات پر بھی گفتگو ہو۔ سب سے اہم سوال یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کا عام انسانوں، محنت کشوں، ملازمت پیشہ افراد، نوجوانوں اور سماج کے محروم طبقات پر کیا اثر پڑے گا؟ کیا یہ ٹیکنالوجی انسانی زندگی کو آسان اور بہتر بنائے گی یا معاشی ناہمواری اور بے روزگاری میں مزید اضافہ کرے گی۔ ان سوالات پر قومی سطح پر سنجیدہ بحث ناگزیر ہے کیونکہ مصنوعی ذہانت کا مستقبل صرف مشینوں کا مستقبل نہیں انسانوں کے مستقبل کا سوال بھی ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کی حقیقی کامیابی اس دن ہوگی جب ترقی کا فائدہ چند افراد کے بجائے پوری انسانیت کو پہنچے گا۔ انسان نے مشینیں اپنے لیے بنائی ہیں ،اسے یہ حق نہیں دینا چاہیے کہ مشینیں اس کی تقدیر کا فیصلہ کرنے لگیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل