Tuesday, November 17, 2026
 

سوشل میڈیائی ’’ شہسوار‘‘

 



جب ہم پاکستان میں پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کی تاریخ دیکھتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ادارے وفاقی حکومت کے زیر انتظام کام کر رہے تھے، ان اداروںکے ذریعے عوام کو تعلیم، شعور، معلومات اور تفریح فراہم کی جا رہی تھی۔ ان کے لیے لکھنے والے ایک سے ایک شاندار سوچ رکھنے والے انسان تھے۔ ڈراموں اور ذہنی آزمائش کے پروگراموں سے لے کر بچوں کے پروگراموں تک، پاکستانی معاشرے کو تعلیم اور شعور سے منور کیا جا رہا تھا۔ اس وقت پروگرام بنانے والے حکومت سے تنخواہ لیتے تھے اور یہ دیکھتے تھے کہ معاشرے کی کیا ضروریات ہیں اور انھیں کن کن سمتوں میں تعلیم اور آگہی فراہم کرنی ہے۔پھر وقت آگئے بڑھا تو سوشل میڈیا سامنے آگیا، بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ سوشل میڈیا کا یہ دور بہت بہتر ہے، کیونکہ اس میں بات کرنے کی آزادی ہے اور یہ کہ سوشل میڈیا ان کی آواز کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کی طاقت رکھتا ہے۔ راقم کے خیال میں سوشل میڈیا کا یہ صرف ایک پہلو ہے، اگر ہم سوشل میڈیا کا جائزہ لیں تو معلوم ہو گا کہ یہ خاصا خطرناک بھی ہے، کیونکہ یہاں ہر شخص اپنا ایجنڈا پھیلا رہا ہے۔ غیر تصدیق شدہ اطلاعات کو پھیلایا جاتا ہے۔ یہ خطرناک رجحان ہے۔ پہلی جماعت سے لے کر پی ایچ ڈی کی سطح تک کے افراد شامل ہوتے ہیں، لیکن اہم نکتہ یہ ہے کہ تعداد کے اعتبار سے کم پڑھے لکھے افراد سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں میں زیادہ ہوتے ہیں۔ لہٰذا، عموماً باشعور اور اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں کے سوشل میڈیا پر پیش کردہ نقطہ نظر کو بہت کم پذیرائی ملتی ہے، جب کہ عامیانہ ، نفرت انگیز اور فحش مواد تیار کرنے والوں کو بڑی تعداد میں فالوورز اور لائکس مل جاتے ہیں، چونکہ سوشل میڈیا پر الگورتھم کا نظام بھی کام کرتا ہے، لہٰذا پڑھے لکھے اور باشعور لوگ، جو تعداد میں کم ہوتے ہیں، انھیں وہ پذیرائی نہیں مل پاتی جو عامیانہ مواد یا حرکات کرنے والوں کو مل جاتی ہے۔چنانچہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ لوگوں کو باشعور بنانے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سوشل میڈیا پر جو مواد آنا چاہیے، وہ کیسے آئے گا؟ کیونکہ کم پڑھے لکھے اور کم شعور رکھنے والے لوگ تعداد میں زیادہ ہے اور انھی کی پسند اور مرضی کے باعث الگورتھم ان کی پسندیدہ چیزوں، یعنی مواد، کو مزید فروغ دیتا ہے جس کے سبب ایسے مواد کا سوشل میڈیا پر غلبہ ہو جاتا ہے۔ اس طرح معاشرے کی ضروریات کے مطابق جو مواد سوشل میڈیا پر آنا چاہیے، وہ نہیں آ پاتا۔  آئیے، اب اس کا جائزہ پاکستانی اعداد و شمار کے تناظر میں لیتے ہیں۔ پاکستان میں اس وقت میٹرک سے زائد تعلیم حاصل کرنے والے افراد کی تعداد لگ بھگ دو کروڑ کے قریب ہے، جب کہ گریجویٹ افراد کی تعداد لگ بھگ ایک کروڑ 10 لاکھ کے قریب ہے۔ دوسری جانب، سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کی تعداد لگ بھگ ساڑھے نو کروڑ کے قریب ہے۔ یوں بخوبی اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا جن ہاتھوں میں ہے، ان میں پڑھے لکھے اور باشعور افراد کس قدر کم ہیں۔ چنانچہ اس تناظر میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اکثریت سوشل میڈیا پر کیا کچھ پوسٹ کر رہی ہوگی اور الگورتھم کے جادو سے اکثریت کی سوچ، پسند اور مرضی سوشل میڈیا پر چھا کر کیا گل کھلا رہی ہوگی؟ لہٰذا سوشل میڈیا میں جھانکیں تو پتہ چلے گا کوئی نیم حکیم ایکسپرٹ قسم کا ڈاکٹر بنا بیٹھا ہے، کسی نے زندگی میں ایک کتاب بھی نہیں پڑھی مگر وہ دانشور بنا بیٹھا ہے، جس نے دینی مدرسے سے کوئی تعلیم حاصل نہیں کی وہ عالم دین بنا بیٹھا ہے اور سب اپنا اپنا منجن بیچ رہے ہیں جیسے ان سے بڑا کوئی ایکسپرٹ اس دنیا میں ہے ہی نہیں اور نئی نسل جو کبھی لائبریری کا رخ ہی نہیں کرتی، سوشل میڈیا کے ان نام نہاد دانشوروں سے متاثر ہو رہی ہے۔  پاکستان میں سوشل میڈیا استعمال کرنے اور چلانے والوں میں میڑک اور اس سے زائد تعلیم رکھنے والے محض دو کروڑ جب کہ میڑک سے کم سات کروڑ کے قریب سوشل میڈیا کے شہسوار شامل ہیں۔ ایسی صورتحال میں ہمارے معاشرے کا کیا بنے گا؟ کیا جنھیں خود رہنمائی کی ضرورت ہے وہ ہمارے معاشرے کی رہنمائی کریں گے اور ہم ان کے ’’فالورز‘‘ بنیںگے؟ اس پر سوچ نے کی بات ہے،آئیے، غور کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل