Tuesday, November 17, 2026
 

کراچی کے غیر محفوظ فلائی اوور

 



روزنامہ ایکسپریس میں شائع شدہ ایک تصویر میں گلستان جوہر فلائی اوور کے پلر کا سریا نظر آ رہا ہے، نشئیوں نے سریا چرا کر اس پلر کوکمزور کر دیا ہے جس کی وجہ سے کسی حادثے اور جانی نقصان کا خدشہ موجود ہے، انتظامیہ سریا چوری روکنے سے قاصر ہے اور مسلسل مالی نقصان بھی ہو رہا ہے۔ شہری بھی غیر ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہیں، اگر کوئی چور وغیرہ سرکاری لوہے کے جنگلے ، گٹروں کے ڈھکن وغیرہ اکھاڑ رہا ہو تو دیکھنے کے باوجود شہری نہ اسے روکتے ہیں نہ متعلقہ ادارے کو اطلاع کرتے ہیں۔ شہر کے متعدد فلائی اوورز کا یہی حال ہے جہاں سے لوہے کے سریے چوری کرکے فروخت کرنا نشئیوں کا معمول ہے اور کئی مقامات پر نشئی پلوں کے نیچے آگ جلا کر نشہ کرنے میں کھلے عام مصروف نظر آتے ہیں اور کے ایم سی کے بنائے ہوئے فلائی اوورز سریوں کی مستقل چوری کے باعث کمزور ہوتے جارہا ہیں۔ انتظامیہ اور پولیس نشیوں کو پکڑتی ہے نہ کروڑوں روپے سے بنائے گئے ،ان پلوں کی حفاظت کرتی ہے ، راہ گیر بھی بے حسی کا شکار ہیں، وہ بھی اپنے شہر کو صاف ستھرا نہیں رکھنا چاہتے اور ہر کام حکومت پر ڈال کر اسے کوسنے دیتے نظر آتے ہیں۔ کراچی کے غیر محفوظ ان آہنی پلوں کی وجہ سے شہریوں کو تشویش ہے جو سڑک پار کرنے کے لیے ان فلائی اوورز کو استعمال کرتے ہیں مگر نشیوں نے اپنے نشے پینے اور خوراک کے حصول کے لیے پلوں سے سریے کاٹ کر اپنا آسان ہدف بنا رکھا ہے جس سے نہ صرف یہ پل کمزور ہو رہے ہیں اور اب نوبت پلوں کے پلروں سے بھی سریے نکالنے تک پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے ان پلوں کی بنیادیں بھی کمزور ہو رہی ہیں جس کی وجہ حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے جس سے جانی نقصان بھی ہو سکتا ہے مگر متعلقہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور اس سلسلے میں کچھ نہیں کر رہی۔ شہر میں بے شمار فلائی اوور اور انڈر پاس بنے ہوئے ہیں۔ فلائی اوور لوہے سے اور انڈر پاس سیمنٹ بجری سے بنے ہوئے ہیں جن کا سریا نظر نہیں آتا جب کہ فلائی اوور کے اطراف آہنی گرل اور سیڑھیوں اور فرش لوہے کی موٹی چادروں سے ویلڈ کیے جاتے ہیں مگر بعض جگہوں پر لوہے کی یہ مضبوط چادریں بھی چرا لی جاتی ہیں جو مشکل چوری ہے جب کہ اطراف میں لگی لوہے کی گرلیں چوروں کے لیے آری سے کاٹ لینا آسان ہے اور رات کے اندھیرے میں جب ان پلوں کا استعمال کم ہوتا ہے اور وہاں اندھیرا بھی ہوتا ہے جس کا فائدہ اٹھا کر آہنی گرلیں کاٹ کر محفوظ کر لیتے ہیں اور اگلی صبح کباڑیوں کے پاس جا کر گرلوں کی جالی اور سریا فروخت کردیتے ہیں اور یہ مسروقہ لوہا کباڑی نشیوں سے اونے پونے دام خرید لیتے ہیں کیونکہ کباڑیوں کو ہر ہفتے اپنے تھانے کے پولیس اہلکاروں کو بھتہ دینا ہوتا ہے جو باقاعدگی سے پولیس گاڑیوں میں آ کر وصول کرتے ہیں جو ہفتہ وار مقرر ہوتا ہے۔ نشئی کباڑیوں سے کوئی بحث نہیں کرتے اور کباڑی انھیں جو رقم دیں وہ لے کر اپنی ضروریات پوری کر لیتے ہیں جس سے ان کا روزگار، پولیس کا بھتہ اور کباڑیوں کا منافع وابستہ ہے اس لیے دیگر کاروبار کے مقابلے میں کباڑ کا کاروبار فروغ پا رہا ہے اور مسروقہ مال خریدنے میں منافع زیادہ ہے۔ ہر مسروقہ سامان کی خرید و فروخت قانونی طور پر جرم ہے مگر سریے بھی اسی طرح چوری ہو رہے ہیں جس طرح موبائل چھین کر فروخت باآسانی ہو جاتے ہیں ۔ موبائلوں کا چھینا جانا اور موبائل شاپس پر باآسانی فروخت ہو جانا انفرادی مسئلہ ضرور ہے مگر اوور ہیڈ برجز سے سریے چوری کرکے فلائی اوورز کو کمزور کرنا جرم ہی نہیں بلکہ شہریوں کا اجتماعی نقصان ہے۔ سیڑھیوں کے اطراف سریا اور گرلیں چوری کرنے سے وہ غیر محفوظ ہو کر جانی نقصان کا باعث بنے ہوئے ہیں اور لوگوں کو ایسے فلائی اووروں پر احتیاط سے چڑھنا اترنا پڑتا ہے اور لوگوں کی جانیں بھی خطرے میں پڑی ہوتی ہیں اور بزرگوں کے لیے سیڑھیاں چڑھنا ناممکن ہوتا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس اپنے سٹی وارڈنز بھی موجود ہیں جن سے رمضان المبارک میں کچھ کام لیا جاتا ہے یا پھر وہ افسروں کے ذاتی کاموں میں مصروف رہتے ہیں اگر بلدیہ عظمیٰ انھی سے اوور ہیڈ برجز کی حفاظت کا کام لے تو نشیوں کو روکا اور فلائی اوورز کی حفاظت ممکن ہو سکتی ہے اور چوریاں کرنے والوں کو روکا بھی جا سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل