Wednesday, November 18, 2026
 

پورٹ قاسم پر بھارتی عملے کی دستاویزات میں بے ضابطگیاں، 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد

 



پورٹ قاسم پر لنگر انداز کنٹینر شپ میں تعینات دو بھارتی شہریوں کی دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آنے پر ایف آئی اے امیگریشن نے متعلقہ شپنگ کمپنی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کنٹینر شپ AGAMEMNON 8 پر تعینات عملے کے دو بھارتی ارکان کے سی مین دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران بے ضابطگیوں کا سراغ لگایا۔ دستاویزات کی جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ دونوں بھارتی شہریوں کے پاس نیشنل سی مین بک یا متعلقہ فلیگ اسٹیٹ کی درست سی مین بک موجود نہیں تھی جبکہ ان کے پیش کردہ سی ڈی سی دستاویزات بھی مقررہ تقاضوں پر پورا نہیں اترتے تھے۔ ترجمان کے مطابق دستاویزات میں بے ضابطگیوں کے حامل بھارتی شہریوں کی شناخت آتھلنگم کارتھیکیان اور ولیکّیٹل بابو سِزلے کے نام سے ہوئی۔ دونوں کے پاس بالترتیب بیلیز اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے جاری کردہ سی ڈی سی دستاویزات موجود تھے، جنہیں قواعد کے مطابق غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ شپنگ کمپنی ایم ایس سی پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کی۔ کمپنی کا جواب غیر تسلی بخش قرار پانے پر دونوں بھارتی عملے کے ارکان کے حوالے سے فی کس 5 لاکھ روپے، مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق پاکستانی بندرگاہوں پر غیر ملکی عملے کی امیگریشن اور سمندری دستاویزات کی جانچ پڑتال میں قواعد کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل