Wednesday, November 18, 2026
 

بھارتی فاسٹ بولر گرنور برار ایک بار پھر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب

 



بھارتی فاسٹ بولر گرنور برار آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر مشکل میں پڑ گئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں جارحانہ جشن منانے پر گرنور برار کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں باضابطہ سرزنش اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا۔ یہ واقعہ 13 نومبر کو ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا جب گرنور برار نے اننگز کے 12ویں اوور کے اختتام پر اوپنر ٹم سائیفرٹ کو آؤٹ کرنے کے بعد جارحانہ انداز میں جشن منایا۔ آئی سی سی کے مطابق بھارتی بولر کا انداز آؤٹ ہونے والے بیٹر کے لیے توہین آمیز محسوس ہوسکتا تھا اور اس سے مخالف کھلاڑی اشتعال میں بھی آسکتا تھا۔ گرنور برار کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا جو کسی بیٹر کو آؤٹ کرنے کے بعد نامناسب زبان، اشاروں یا رویے سے متعلق ہے۔ انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری رنجن مدوگالے کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کرلی جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ واضح رہے کہ 25 سالہ بھارتی فاسٹ بولر کے لیے یہ رواں سال دوسری تادیبی کارروائی ہے۔ اس سے قبل جولائی میں انگلینڈ کے خلاف برمنگھم ون ڈے میں بیٹر کی جانب نامناسب اور خطرناک انداز میں گیند پھینکنے پر انہیں وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔ حالیہ سزا کے بعد گرنور برار کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی مجموعی تعداد دو ہوگئی ہے۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق کسی کھلاڑی کے ڈی میرٹ پوائنٹس 24 ماہ تک اس کے ڈسپلنری ریکارڈ میں برقرار رہتے ہیں اور چار ڈی میرٹ پوائنٹس پر دو سسپینشن پوائنٹس ملتے ہیں جس کے بعد کھلاڑی پر پابندی عائد ہوسکتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل