Wednesday, November 18, 2026
 

اینکر ربیعہ احسن قتل کیس؛ ملزم شوہر جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل

 



اینکر ربیعہ احسن کے پراسرار قتل کیس میں گرفتار شوہر احسن طاہر کو 9 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔ ملزم شوہر احسن طاہر کو سینئر سول جج نصراللہ وٹو کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ تفتیش کہاں تک پہنچی ہے، جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ تفتیش مکمل ہوگئی ہے۔ جج نے پوچھا کہ پولی گرافک ٹیسٹ ہوگیا ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ جی ہوگیا ہے۔ عدالت نے پولی گرافک ٹیسٹ کے نتائج سے متعلق سوال کیا تو تفتیشی افسر سب انسپکٹر منتظر شاہ نے بتایا کہ پولی گرافک ٹیسٹ رپورٹ دو تین روز تک مل جائے گی۔ اس پر عدالت نے کہا کہ ٹھیک ہے، جب تفتیش مکمل ہے تو ملزم کو جیل بھیجتا ہوں، تفتیشی افسر نے بھی کہا کہ اب ملزم کی ضرورت نہیں، جیل بھیج دیا جائے۔ عدالت نے ملزم احسن طاہر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجتے ہوئے یکم دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے آئندہ تاریخ پر ربیعہ احسن قتل کیس کا چالان بھی پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ آج سماعت کے موقع پر ملزم کا عدالتی آفس میں بائیومیٹرک بھی کرایا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف استعمال شدہ پستول کے غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ بھی درج ہے۔ واضح رہے کہ ملزم شوہر احسن طاہر نے 9 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل کیا ہے، جبکہ عدالت میں پیشی کے موقع پر ملزم انتہائی ہشاش بشاش، خوش اور خوش لباس دکھائی دے رہا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل