Loading
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے شہریوں سے توانائی اور ایندھن کی بچت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی سادگی اختیار کرتے ہیں اور صدر ہونے کے باوجود اپنے گھر میں ہیٹر استعمال نہیں کرتے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسعود پزشکیان نے تہران یونیورسٹی میں طلبہ سے ملاقات کے دوران بتایا کہ وہ سرد موسم میں گرم رہنے کے لیے رات کو جیکٹ اور دیگر گرم کپڑے پہن کر سوتے ہیں جبکہ گھر میں حرارتی آلات بھی نہیں چلاتے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ وہ اپنی طرزِ زندگی کے ذریعے عوام کو توانائی کی بچت کا پیغام دینا چاہتے ہیں اور اگر کسی کو ان کے دعوے پر یقین نہیں تو وہ اسے اپنا گھر دکھانے کے لیے بھی تیار ہیں۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ گھروں میں ضرورت کے مطابق بجلی اور گیس استعمال کریں اور غیر ضروری کھپت سے گریز کریں تاکہ موسم سرما میں توانائی کی قلت پر قابو پایا جاسکے۔
دوسری جانب ہفتے کے روز سرمایہ کاروں اور کاروباری شعبے سے وابستہ افراد کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو اس وقت ایک ایسی خاموش معاشی جنگ کا سامنا ہے جو میزائلوں سے لڑی جانے والی جنگ سے بھی زیادہ مشکل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی صنعتوں اور کاروباری اداروں نے مشکل معاشی حالات کے باوجود مارکیٹ کو سنبھالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ موسم سرما میں عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا نہ کرنا پڑے اور صنعتی سرگرمیاں بھی متاثر نہ ہوں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل