Tuesday, November 24, 2026
 

پارکس میں تجارتی سرگرمیوں کیخلاف درخواست پر مئیر کراچی کو نوٹس جاری

 



سندھ ہائیکورٹ نے شہر کے پارکس اور کھیل کے میدانوں کو نجی کانٹریکٹرز کے حوالے کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کیخلاف درخواست پر مئیر کراچی، میونسپل کمشنر کے ایم سی، کمشنر کراچی اور ڈائریکٹر پارکس کو نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے فریقین سے جنوری کے پہلے ہفتے تک جواب طلب کرلیا، درخواستگزار کے وکیل مولوی اقبال حیدر نے کہا کہ کھیل کے میدانوں کو نجی تجارتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ نجی آپریٹرز کھیلوں کی سرگرمیوں کے چارجز اور داخلہ فیس وصول کر رہے ہیں، سرکاری زمین پر قائم تفریحی مقامات تک عام شہریوں کی رسائی محدود ہو گئی ہے، سرکاری پارکس اور کھیل کے میدان عوامی مقاصد کے لیے مختص ہوتے ہیں۔ درخواست گزار نے کہا کہ متعلقہ سرکاری ادارے پارکس اور میدانوں کی دیکھ بھال اور شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے پابند ہیں، پارکس نجی ٹھیکیداروں کے حوالے کرنے کے لیے قوانین اور منظوریوں کی قانونی حیثیت کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ متعلقہ حکام واضح کریں کہ پارکس سے وصول ہونے والی آمدنی کہاں خرچ کی جا رہی ہے، پارکس اور کھیل کے میدانوں میں غیر قانونی تجارتی انتظامات کو غیر مؤثر قرار دیا جائے، متعلقہ حکام سے پارکس اور کھیل کے میدانوں کی جامع فہرست طلب کی جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل