Loading
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے پہلی مرتبہ والدین کے لیے پیرنٹل کنٹرولز متعارف کرا دیے ہیں، جن کے ذریعے وہ 13 سے 17 سال کی عمر کے اپنے بچوں کے اکاؤنٹس کے استعمال اور وہاں دکھائی دینے والے مواد کو کسی حد تک محدود کرسکیں گے۔
ایلون مسک کی ملکیت والے پلیٹ فارم کے مطابق نئی سہولت کے تحت اس عمر کے صارفین کے اکاؤنٹس ڈیفالٹ طور پر پروٹیکٹڈ موڈ میں رکھے جائیں گے۔ اس کا مقصد حساس نوعیت کے مواد کی نمائش روکنا اور ٹارگٹڈ اشتہارات کو بلاک کرنا ہے۔ کمپنی نے خاندانوں کے لیے کچھ اضافی حفاظتی سہولتیں بھی فراہم کی ہیں، جن کی ابتدائی سیٹنگز خودکار طور پر فعال ہوں گی۔
نئے ٹولز کی مدد سے والدین یہ طے کرسکیں گے کہ ان کے بچے روزانہ کتنا وقت ایکس پر گزاریں۔ وہ نئے فالوورز کی منظوری، ’فار یو‘ سیکشن میں دکھائی جانے والی سفارشات کی حدود اور مخصوص الفاظ کی فلٹرنگ بھی کنٹرول کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ حساس میڈیا کو بند کرنے اور یہ طے کرنے کا اختیار بھی ہوگا کہ کون ان کے بچوں کو ڈائریکٹ میسج بھیج سکتا ہے۔
پیرنٹل کنٹرولز فعال کرنے کے لیے والدین اور بچوں کو ایکس کی جانب سے فراہم کردہ رہنما ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان سہولتوں کا مقصد بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر مناسب نگرانی اور مواد کے انتخاب میں والدین کی مدد کرنا ہے، تاہم اس کے ذریعے انہیں بچوں کی نجی زندگی تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
ایکس کے مطابق والدین اپنے بچوں کے نجی پیغامات، سرچ ہسٹری یا دیکھے گئے مواد کی تفصیلات نہیں دیکھ سکیں گے۔ اسی طرح وہ بچوں کی جانب سے کوئی پوسٹ بھی نہیں کرسکیں گے اور نہ ہی ان کے اکاؤنٹس تک براہ راست رسائی حاصل کرسکیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل