Loading
برطانیہ میں سالانہ خالص امیگریشن کی شرح کورونا وبا کے دور کو چھوڑ کر تقریباً تین دہائیوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جون 2026ء تک ایک سال کے دوران ملک میں خالص امیگریشن کم ہوکر صرف 77 ہزار رہ گئی، جبکہ اس سے گزشتہ سال یہ تعداد 2 لاکھ 4 ہزار تھی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 1997ء کے بعد یہ خالص امیگریشن کی کم ترین سطح ہے، جس کی بڑی وجہ غیر ملکی ملازمین، طلبہ اور پناہ کے متلاشی افراد کے لیے امیگریشن قوانین میں سختیاں ہیں۔
برطانوی دفتر برائے قومی شماریات (او این ایس) کے مطابق 2023ء میں خالص امیگریشن تقریباً 9 لاکھ 44 ہزار کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھی، جس کے بعد اب اس میں تقریباً 90 فیصد کمی آچکی ہے۔
برطانیہ کی وزیر داخلہ شبانہ محمود نے اعداد و شمار پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے امیگریشن نظام پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا ہے، تاہم اسے مزید منصفانہ بنانے کے لیے اصلاحات جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے نظام کی تشکیل چاہتی ہے جو ملک کے لیے مثبت کردار ادا کرنے والوں کو اہمیت دے۔
برطانیہ میں قانونی اور غیر قانونی امیگریشن ایک دہائی سے زائد عرصے سے سیاسی بحث کا اہم موضوع ہے۔ 2016ء میں یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں عوامی ووٹ کے پیچھے بھی غیر محدود امیگریشن سے متعلق خدشات ایک اہم وجہ تھے۔
رائے عامہ کے ایک حالیہ سروے کے مطابق امیگریشن برطانوی ووٹرز کے لیے معیشت کے بعد دوسرا اہم ترین مسئلہ ہے۔ دائیں بازو کی جماعت ریفارم یوکے نے تازہ اعداد و شمار کو خوشی منانے کا سبب قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں میں زیادہ امیگریشن نے عوامی خدمات اور رہائش کے شعبے پر دباؤ بڑھایا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ عرصے میں پناہ کی درخواستیں دینے والوں کی تعداد 73 ہزار رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں پانچویں حصے سے زیادہ کم ہے، تاہم یہ تعداد 2004ء سے 2021ء کے درمیان ریکارڈ ہونے والی سطح سے اب بھی زیادہ ہے۔
امیگریشن میں کمی کے باوجود ماہرین اقتصادیات نے خبردار کیا ہے کہ اس رجحان کے طویل عرصے تک جاری رہنے سے برطانیہ کی افرادی قوت سکڑ سکتی ہے اور معاشی ترقی کی رفتار متاثر ہوسکتی ہے۔
آکسفورڈ اکنامکس کے ایک تخمینے کے مطابق اگر طویل مدت میں خالص امیگریشن صفر تک پہنچ جائے تو 2060ء تک برطانوی معیشت کا حجم متوقع بنیادی منظرنامے کے مقابلے میں 15 فیصد سے زیادہ کم ہوسکتا ہے۔ اس صورت میں ٹیکس آمدن میں کمی کے باعث حکومتی قرضوں میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔
برطانوی حکومت نے رواں ماہ مستقل رہائش کے لیے عام طور پر درکار انتظار کی مدت پانچ سال سے بڑھا کر 10 سال کرنے کی تجاویز بھی پیش کی تھیں، جبکہ اس سے قبل ورک ویزوں، اہل خانہ کو ساتھ بلانے اور تنخواہوں کی کم از کم حد سے متعلق شرائط سخت کی جاچکی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل