Friday, November 27, 2026
 

وزیراعظم کی برآمدی شعبے میں مواقع سے استفادے کے لیے مؤثر رہنمائی فراہم کرنے کی ہدایت

 



وزیراعظم شہباز شریف  نے ایس ایم ایز کی مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں مواقع سے استفادے کے لیے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایس ایم ایز (SMEs) کے شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بینک ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے اپنی ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے  اقدامات لے رہے ہیں۔ بینکوں نے  جون 2028ء تک ایس ایم ایز کو 2 ہزار ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی اور قرض لینے والے SMEs کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار تک بڑھانے کا ہدف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس ہدف میں 886 ارب روپے کے نئے قرضوں کی فراہمی اور 4 لاکھ 49 ہزار نئے قرض دہندگان کو مالی سہولیات کی فراہمی شامل ہے، ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کو سہولیات کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا، وزیراعظم نے ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے SMEs جسکا  پاکستان سنگل ونڈو میں  برآمدی ڈیٹا موجود ہے، یا جو ایکسیم انشورنس (Exim Insurance) اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین کا حصہ ہیں، انکو  قرضوں کی فراہمی کیلئے اسی کو ضمانت کے طور پر غور کیا جائے، ایس ایم ایز کے کیش فلو (Cash Flow) کو بھی قرضوں کی فراہمی کے لیے ضمانت کے متبادل پیمانے کے طور پر دیکھا جائے۔ وزیراعظم  نے ایس ایم ایز کے لیے بینکوں کے قرضوں سے متعلق احتیاطی ضوابط (Prudential Regulations) پر نظرثانی کی  ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی یقینی بنائی جائے تاکہ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا سکے،   ایس ایم ایز کو سہولت دینے کے لیے بینک صرف قرضوں کی فراہمی ہی نہیں بلکہ لیٹرز آف کریڈٹ (LCs) کے اجرا اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں بھی معاونت کریں۔ اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان  چیمہ، ریاض حسین پیر زادہ، مشیر وزیراعظم ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، نیشنل بینک،  بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب کے سی ای اوز  کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل