Saturday, November 28, 2026
 

ایف آئی اے کی کارروائیاں، کراچی سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

 



وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر دو الگ کارروائیوں کے دوران انسانی اسمگلنگ اور جعلی پاکستانی شناختی دستاویزات کے نیٹ ورک کو بےنقاب کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ دو پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی طور پر ایران بھجوانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے پہلی کارروائی یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر المہاز کوچ سروس کے دفتر میں کی، جہاں کوچ سروس کے منیجر محمد سلیم کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے موبائل فونز سے مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی راستوں اور مالی لین دین سے متعلق واٹس ایپ چیٹس اور ریکارڈ بھی برآمد ہوا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دو پاکستانی شہریوں فیروز اور دِلدار کو کراچی سے جیوانی اور وہاں سے ایران منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، جس کے لیے دونوں نے فی کس 15 ہزار روپے ادا کیے تھے۔ ایف آئی اے نے دونوں افراد کو بازیاب کرا لیا۔ ترجمان کے مطابق دوسری کارروائی میں دو افغان شہری نیسر احمد اور عبدالرحمٰن گرفتار کیے گئے، جن کے قبضے سے جعلی اور ردوبدل شدہ پاکستانی شناختی کارڈز کی رنگین فوٹو کاپیاں اور ایک افغان پاسپورٹ برآمد ہوا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ چمن بارڈر کے ذریعے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور کوئٹہ میں ایک ایجنٹ کو جعلی پاکستانی شناختی دستاویزات اور غیر قانونی راستوں سے ایران اور عراق پہنچانے کے انتظامات کے لیے 65 ہزار روپے ادا کیے تھے۔ ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور جعلی شناختی دستاویزات کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل