Loading
بنگلادیش کی غازی پور ویمنز سینٹرل جیل میں قید ایک ماں سے ان کا 15 سالہ معذور بیٹا ملنے کی خواہش لیے دنیا سے چلا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 44 سالہ شرمین سلطانہ شرمی جوبو مہیلا لیگ کی سابق عہدیدار ہیں اور انہیں 3 اکتوبر کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ان کے بیٹے نسورگ حسین توری جمعہ 27 نومبر کی رات اپنے گھر میں انتقال کر گئے۔ وہ پیدائش سے ہی کئی طبی مسائل کا شکار تھے اور ان کے 10 سے 12 آپریشن ہو چکے تھے۔
معذور بیٹے کو دوائیوں اور روزمرہ دیکھ بھال کے لیے مسلسل نگہداشت کی ضرورت تھی جس کی بنیادی ذمہ داری ان کی والدہ اٹھاتی تھیں۔
اہل خانہ کے مطابق والدہ کی گرفتاری کے بعد توری شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا ہو گئے تھے اور بار بار والدہ سے ملنے کی خواہش ظاہر کرتے تھے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں توری کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ اب وہ اسکول کیسے جائیں گے، پڑھائی کیسے کریں گے، گھر میں کھانے، دوائیوں اور اپنے آپریشن کا انتظام کون کرے گا؟
اس سے قبل شرمین سلطانہ کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں وہ رہائی کی اپیل کرتے ہوئے کہہ رہی تھیں کہ ان کا بیٹا بیمار اور معذور ہے اسے رات بھر دوائیں دینی پڑتی ہیں اور اس کی دیکھ بھال کرنے والا ماں باپ کے سوا کوئی نہیں۔
بنگلادیشی اخبار ڈیلی اسٹار کے مطابق توری کی خالہ شمی نے بتایا کہ انتقال سے پہلے وہ والدہ کو یاد کر کے روتے اور ان کے ساتھ رہنے کی خواہش ظاہر کرتے تھے۔
ان کی دادی کوہ نور بیگم نے بھی بتایا کہ والدہ کی عدم موجودگی نے شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا۔ توری جمعے کی رات تقریباً ساڑھے 9 بجے باتھ روم گئے لیکن واپس نہ آئے۔
اہل خانہ نے دروازہ توڑ کر دیکھا تو وہ بے ہوشی کی حالت میں پڑے تھے۔ بیٹے کی موت کے بعد اہل خانہ نے جیل حکام سے شرمین سلطانہ کو آخری مرتبہ بیٹے کا چہرہ دکھانے کی اجازت دینے کی درخواست کی۔
جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ محمد نذر الاسلام نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کی اجازت اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شرمین سلطانہ کو جیل کے مرکزی دروازے پر بیٹے کی میت دیکھنے کی اجازت دی گئی۔
چھوٹی بہن شمی نے بتایا کہ ملاقات تقریباً پانچ منٹ جاری رہی، جس کے بعد شرمین سلطانہ کو دوبارہ جیل کے اندر منتقل کر دیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل