Loading
یمن کے شمالی علاقوں میں لاکھوں افراد شدید بھوک اور بنیادی سہولتوں کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ انکشاف نارویجن ریفیوجی کونسل کے سربراہ یان ایگلینڈ نے کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کو دارالحکومت صنعا میں دیے گئے انٹرویو میں یان ایگلینڈ نے کہا کہ حوثیوں کے زیرِ کنٹرول شمالی علاقوں میں صورتحال حکومتی کنٹرول والے جنوبی علاقوں سے بہت مختلف ہے۔
ان کے بقول جنوب میں متعدد بین الاقوامی ادارے کام کر رہے ہیں جبکہ شمال میں امدادی تنظیموں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمن میں انسانی ضروریات پورے ملک میں موجود ہیں لیکن امدادی اداروں کے پاس فنڈز کی شدید کمی ہے۔
یان ایگلینڈ کے مطابق شمال میں دو کروڑ سے زائد افراد کو زندگی گزارنے کے لیے کم از کم ضروری امداد بھی دستیاب نہیں۔ لاکھوں لوگ بھوک سے دوچار ہیں اور انہیں فوری مدد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے طویل امدادی کیریئر میں انہوں نے کبھی اتنی کم تعداد میں امدادی تنظیموں کو اتنی بڑی تعداد میں ضرورت مند افراد کا سامنا کرتے نہیں دیکھا، جتنا اس وقت شمالی یمن میں دیکھ رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حوثیوں اور سعودی قیادت والے اتحاد کی حمایت یافتہ حکومت کے درمیان جنگ نے یمن کو دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک میں دھکیل دیا ہے۔
حوثیوں نے 2014 میں صنعا پر قبضہ کیا تھا اور وہ شمال کے بیشتر حصے پر قابض ہیں، جہاں ملک کی زیادہ تر آبادی رہتی ہے۔
یان ایگلینڈ نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں کی گرفتاری کے بعد شمال میں اقوام متحدہ کی کارروائیاں معطل ہو گئیں، جس سے پہلے ہر ماہ لاکھوں افراد کو خوراک ملتی تھی۔
گزشتہ ماہ اقوام متحدہ نے اعلان کیا تھا کہ 2024 سے حوثی حکام کی حراست میں موجود اس کا ملازم محمد الشامی ہلاک ہو گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق کے مطابق 71 اقوام متحدہ کے ملازمین اب بھی حوثیوں کی حراست میں ہیں۔
یان ایگلینڈ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے بغیر شمال میں سب تک پہنچنا ممکن نہیں کیونکہ صرف ورلڈ فوڈ پروگرام کے پاس سب کو خوراک پہنچانے کی صلاحیت ہے۔
ان کے بقول تمام رکاوٹوں کے باوجود سب سے بڑا مسئلہ رسائی نہیں بلکہ فنڈز کی کمی ہے۔
آنے والے چھ ماہ میں شدید غذائی قلت سے اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی یمن کے لیے 2026 کی بنیادی امداد کی اپیل صرف 20 فیصد تک فنڈ ہوئی ہے جبکہ ہنگامی پناہ گاہوں کی اپیل صرف 13 فیصد تک پہنچ سکی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل