Saturday, November 28, 2026
 

امریکا: 5.1 شدت کے خوفناک زلزلے سے لرز اُٹھا؛ لاس اینجلس کے متعدد علاقے متاثر

 



امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحلی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لاس اینجلس سمیت قریبی علاقوں میں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز مین ہٹن بیچ کے قریب سمندر میں تھا۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق 28 نومبر کی صبح 9 بج کر 30 منٹ پر آیا۔ زلزلے کی گہرائی تقریباً 22 کلومیٹر تھی اور مرکز کے قریب ترین شہروں میں ریڈونڈو بیچ تقریباً 10 کلومیٹر، ٹورنس تقریباً 14 کلومیٹر اور ہاؤتھورن تقریباً 16 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے جنوبی لاس اینجلس کاؤنٹی کے مختلف علاقوں مین ہٹن بیچ، ریڈونڈو بیچ، ٹورنس، ایل سیگنڈو، سانتا مونیکا اور پالوس ورڈیس جزیرہ نما میں محسوس کیے گئے۔ رپورٹس کے مطابق اس شدت کے زلزلے سے مرکز کے قریب کمزور عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ زلزلے کے بعد اسی علاقے میں 2.2 اور 2.3 شدت کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران لاس اینجلس کے علاقے میں زلزلوں کا ایک سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل کامرس کے قریب 3.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جبکہ سان پیڈرو کے ساحل کے قریب 3.3 شدت کا زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ علاقہ پالوس ورڈیس اور دیگر فعال فالٹ لائنز کے قریب واقع ہے، اس لیے یہاں زلزلے آنا غیر معمولی نہیں۔ حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور آفٹر شاکس کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل