Thursday, December 12, 2024
 

ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستانی معیشت میں نمایاں بہتری کا اعتراف

 



ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستانی معیشت میں نمایاں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار 3 فیصد تک پہنچنے کی پیشگوئی کردی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشیا ڈیویلپمنٹ آوٴٹ لْک رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار 3 فیصد تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، ستمبر میں شرح نمو کا تخمینہ 3.6 فیصد ہدف کے مقابلے 2.8 فیصد لگایا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے نئے قرض پروگرام کی منظوری کے بعد پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام آیا، پاکستان میں مہنگائی میں توقعات سے زیادہ تیزی سے کمی آئی ہے، نومبر میں مہنگائی ساڑھے چھ سال کی کم ترین سطح 4.9 فیصد پر آگئی جبکہ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 15 فیصد کے بجائے 10 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے۔ اے ڈی بی رپورٹ کے مطابق درآمدی پابندیاں ختم ہونے سے صنعتی شعبہ رفتار پکڑے گا، پالیسی ریٹ میں کمی سے معاشی سرگرمیوں میں بھی تیزی آنی چاہیے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، زرمبادلہ ذخائر تک رسائی آسان ہوگی۔ آوٴٹ لْک رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ شدید مون سون بارشوں سے زرعی شعبے کی پیداوار کمزور رہے گی، دو بڑی فصلوں گندم اور کپاس کی پیداوار کم رہنے کا خدشہ ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے سری لنکا کی معاشی ترقی میں بھی بہتری کی پیش گوئی کر دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت، بنگلہ دیش اور مالدیپ کی شرح نمو میں کمی آئے گی، امریکی پالیسیوں میں تبدیلی سے ایشیا کا خطہ متاثر ہو سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل