Loading
محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ طلبا کے سالانہ امتحانات 2025 کے لیے نصاب میں 25 فیصد کمی کرتے ہوئے 75 فیصد سلیبس سے امتحانات لینے کا فارمولہ طے کردیا ہے اور پیر کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اس کا باقاعدہ خاکہ جاری کر دیا گیا ہے۔ سلیبس میں 25 فیصد کمی کے فارمولا کا تعین محکمہ تعلیم سندھ کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اسسمنٹ اینڈ ریسرچ کی جانب سے کیا گیا ہے جس کے مطابق نویں، دسویں،گیارہویں اور بارہویں جماعت کی تمام فیکیلٹیز بشمول سائنس ، ہیومینیٹیز، کامرس ، جنرل گروپ، پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ کے لیے آغاز سے لے کر 75 فیصد سلیبس تک سے امتحانات لیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام تعلیمی اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ موسم سرما کی تعطیلات سے قبل تمام مضامین کا 50 فیصد سلیبس مکمل کرا دیں جبکہ موسم سرما کی تعطیلات کے بعد باقی ماندہ آدھے سلیبس میں سے صرف 50 فیصد کی تدریس ہوگی اور پورے سیشن 2024/25 میں کل سلیبس کا 75 فیصد پڑھایا جائے گا اور اسی سے امتحانات بھی لیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ یہ فیصلہ 28 نومبر کو منعقدہ اسٹیئرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا فیصلے میں کہا گیا تھا کہ چونکہ آئندہ تعلیمی سیشن 2025/26 اب یکم اگست کے بجائے یکم اپریل سے شروع ہونا ہے جبکہ میٹرک کے امتحانات 15 مارچ اور انٹر کے 15 اپریل سے شروع ہونے ہیں اور اس وجہ سے سلیبس کو مختصر کیا جارہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل