Loading
سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین عاکف سعید کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی نمائندہ وفد چین کے دورے پر ہے۔ اس دورے کا مقصد مارکیٹ کی ترقی کے مواقع کا جائزہ لینا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ وفد میں کمشنر ایس ای سی پی عبد الرحمان وڑائچ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مسرت جبین، پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے منیجنگ ڈائریکٹر فرخ ایچ سبزواری، چئیرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر، چیئرمین نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ منیر کمال شامل ہیں۔ چین کے دورے کے موقع پر وفد اہم چینی کیپیٹل مارکیٹ اداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کرے گا جن میں چائنا سیکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن، سیکیورٹیز ایسوسی ایشن آف چائنا، چائنا سیکیورٹیز ڈپازٹری اینڈ کلیئرنگ، ایسٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف چائنا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اہم اسٹاک ایکس چینجز جیسے چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج، شنگھائی اسٹاک ایکسچینج، شنگھائی فیوچرز ایکسچینج اور شینزین اسٹاک ایکسچینج بھی شامل ہیں جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اینکر انویسٹر کے طور پر کام کرنے والے کنسورشیم کا حصہ ہیں۔ پاکستانی اور چینی کیپیٹل مارکیٹس کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز ہوگی۔ اس میں سرحد پار سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنے والے پروڈکٹس کے مواقع کی نشاندہی، مارکیٹ تک رسائی میں اضافہ، اور پاکستانی اور چینی اداروں کے لیے سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھانے جیسے امور شامل ہوں گے۔ مزید برآں مالیاتی مارکیٹ کے ضابطے اور ترقی میں علم اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے مشترکہ منصوبوں اور استعداد کار بڑھانے کے مواقع کا جائزہ بھی اس گفتگو کا ایک اہم حصہ ہوگا۔ ایس ای سی پی کے وفد کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی اور مالی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم کی حیثیت رکھتا ہے اور دوطرفہ بات چیت ایسے ٹھوس نتائج کی راہ ہموار کرسکتی ہے جو دونوں ممالک کی کیپیٹل مارکیٹس کے لیے باہمی فائدے کا سبب بنیں گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل